غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت اور فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے باوجود صیہونی ریاست کے جنگی طیاروں نے شمالی غزہ میں بیت حانون کے مقام پر بم باری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم دو فلسطینی زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے دونوں شہریوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے بیت حانون میں شہری آبادی پر بم گرائے۔مقامی فلسطینیوں نے بتایا کہ اسرائیل کے ایک ڈرون طیارے نے مشرقی بیت حانون میں شاہراہ المصریین پر فلسطینیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں دو فلسطینی بچے شہید اور پچیس فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔ اسرائیلی فوج کی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی قوتوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ کشیدگی میں اضافے کے بعد مصر اور بعض دوسرے ممالک نے فوری مداخلت کرکے فریقین کے درمیان عارضی جنگ بندی کرا دی تھی۔