(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جولائی اور اگست 2014 ء کو غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی جنگ کے نتیجے میں بمباری سے جمع ہونے والے ملبے کی صفائی کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت محنت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاری اور اس کے باعث جمع ہونے والے ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے اور اب تک 98 فی صد ملبہ ہٹایا جا چکا ہے۔بیان میں کہا گیاہے کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں بڑے پیمانے پر مکانات تباہ ہوگئے تھے اور 2.5 ملین ٹن ملبہ جمع ہوگیا تھا۔ اس میں سے اب تک 98 فی صد ملبہ ہٹا دیا گیا ہے۔ ملبہ ہٹانے کے کام میں اقوام متحدہ کے ادارے’’ UNDP ‘‘ نے بھی معاونت کی ہے۔ باقی دو فی صد ملبہ بھی پیش آئند ایام میں ہٹا دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ جولائی اور اگست سنہ 2014 ء کو غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کے نتیجے میں 12 ہزار مکانات مکمل طورپر ملبے کا ڈھیر بن گئے تھے جب کہ 1 لاکھ 60 ہزار مکانات کو جزوی طورپر نقصان پہنچا تھا۔ بمباری سے متاثرہ 6600 مکانات کو ناقابل استعمال قرار دیا گیا تھا۔