غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوج نے آج سوموار کو غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں سمندر میں مچھلیاں پکڑنے والے 10 فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ می پٹی میں ماہی گیروں کی کمیٹی کے سربراہ نزار عیاش نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے رفح کے قریب سمندر میں ماہی گیری کرنے والے دس فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے ساتھ ان کی کشتیاں اور ماہی گیری کے لیے استعمال ہونے والے دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج معمول کے مطابق شمالی حدود میں موجود رہتی ہے مگر یہ پہلا موقع ہے جب صیہونی فوج نے وہاں پر ماہی گیری کرنے والے دس فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
عیاش نے کہا کہ صیہونی فوج نے سوموار کو علی الصباح کارروائی کے دوران دس ماہی گیروں کو حراست میں لیا۔ ان کی شناخت محمد عادل مقداد، احمد زیاد البردویل، ابراہیم عادل مقداد، محمد فرحات عاشور، علاء ابراہیم مقداد، محمد نعمان مقداد، محمد ابراہیم مقداد، امین سعدی جمعہ، عادل ابراہیم مقداد اور احمد محمد طوباس کے ناموں سے کی گئی ہے۔
نزار عیاش نے کہا کہ صیہونی فوج نے کی کارروائیوں اور فلسطینی ماہی گیروں کی گرفتاری پرعالمی اداروں اور بین الاقوامی برادری کی خاموشی شرمناک ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی ماہی گیروں کی پکڑ دھکڑ اسرائیلی فوج کا روز کا معمول ہے۔ غزہ کے فلسطینی ماہی گیروں کو صیہونی فوج 6 سے 9 کلو میٹر تک ماہی گیری کی اجازت دینے کے باوجود انہیں کھلے سمندر میں مچھلیاں پکڑنے کی اجازت نہیں دیتے۔