(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )لبنان میں گزشتہ ماہ لبنانی وزیر محنت کی جانب سے فلسطینی محنت کشوں کے خلاف نافذ کیے جانے والے متنازعہ قانون کے بعد ظاہر ہونے والے اثرات کے خلاف لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کی نمائندہ جماعتوں پرمشتمل مشترکہ باڈی نے آج جمعہ کے روز وزارت لیبر کے ہیڈکواٹر کے باہر اور ملک کے دوسرے علاقوں میں مظاہرے، ہڑتال اور احتجاجی دھرنوں کی اپیل کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جمعرات کو لبنان میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کی نمائندہ تنظیموں کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنانی حکومت کی طرف سے پناہ گزینوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے، ان کے سماجی، معاشی اور بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے کے خلاف بہ طور احتجاج ملک بھر میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لبنانی حکومت کی جانب سے نافذ کیا جانے والا متنازعہ لیبر قانون درحقیقت فلسطینی پناہ گزینوں کو در بدر کرنے کی سازش ہے جس سے بلواسطہ اسرائیلی عزائم کو تقویت ملے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ما ہ لبنانی وزیر برائے لیبر نے ایک نیا لیبر قانون نافذ کیا تھا جس میں فلسطینی پناہ گزینوں کو بھی دیگر غیرقانونی تارکین وطن کی طرح ملک میں ہرطرح کے کام کاج اور روزگار سے محروم کردیا گیا ہے۔ فلسطینی پناہ گزین لبنانی حکومت کے اس نئے قانون کے خلاف مسلسل احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔