کراچی (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پر کراچی سمیت ملک بھر میں آزادی قبلہ اول ریلیاں نکالی گئیں۔ شہر قائد میں تحریک آزادی القدس پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی آزادی قبلہ اول ریلی ایم اے جناح روڈ پر نمائش سے تبت سینٹر تک نکالی گئی۔ ریلی میں مختلف مسالک و مذاہب کے علما اور عمائدین، سیاسی شخصیت کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے افراد، وکلا برادری اور ڈاکٹرز سمیت ہزاروں مردوں ، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ یوم القدس صرف فلسطینیوں کے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کے مظلوموں کے لئے آواز احتجاج بلند کرنے کا دن ہے۔ دنیا بھر کے آزاد فکر اور پاک روح رکھنے والے مستضعفین اور مظلومین بلخصوص مظلوم فلسطینیوں نے امام خمینیؒ کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے استعمار کے ماتھے پر شکست لکھ دی ہے۔ عالم اسلام انتہائی کٹھن مراحل سے گزر رہا ہے لیکن محور مقاومت سے وابستہ بیدار نوجوانوں کے ہوتے ہوئے گریٹر اسرائیل جیسے شیطانی منصوبے کبھی پورے نہیں ہوسکیں گے۔ نمائش چورنگی سے نکالی جانے والی ریلی تبت سینٹر پہنچنے پر عظیم الشان اختتامی جلسہ منعقد ہوا۔ اختتامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ امریکہ، اسرائیل، برطانیہ اور بھارت نے امت مسلمہ کے خلاف جارحیت کا آغاز کررکھا ہے۔ برادر اسلامی ملک ایران پر ناجائز حملہ در اصل پورے عالم اسلام پر جارحیت ہے۔ شہید رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای پر حملہ کرکے تاریخ کے پست ترین افراد ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو نے وہ سرخ لکیر پار کردی ہے جس کے بعد اسرائیل کو تباہ کئے بغیر مجاہدین اسلام پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
شہید رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ
آج حریت پسند انسانوں کا یہ ٹھاٹھیں مارتا سمندر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ رہبر مسلمین جہاں، وارث شہدا آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے تجدید عہد کررہا ہے ۔
علمائے کرام نے کہا کہ مظلومین جہاں بلخصوص فلسطینیوں کی غیر متزلزل حمایت پر انقلاب اسلامی ایران اور مقاومتی بلاک کو کمزور کرنا چاہتا ہے لیکن جیسا کہ شہید آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا احمق دشمن محاذ حق کے بارے میں ہمیشہ حساب کتاب کی غلطی کرتا ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل اور شہدائے اسلام کے خون کی برکت سے نام نہاد سپر پاور کئی پٹھو ممالک کو اپنے ساتھ ملا کر بھی محاذ مقاومت بلخصوص انقلاب اسلامی ایران کا مقابلہ نہیں کر پا رہی۔
فلسطین کی مکمل آزادی کے لئے اور غاصب اسرائیل کے خلاف جدوجہد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علما نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد بورڈ آف پیس سے باہر نکلے ۔ علما نے مزید کہا کہ برادر اسلامی ملک ایران نے مئی میں ہونے والے پارک بھارت معرکہ حق میں پاکستان کی بھرپور اور مکمل حمایت کی۔ اس کے علاوہ مسئلہ کشمیر پر بھی ایرانی مؤقف ہمیشہ پاکستان کے حق میں رہا ہے۔ امریکا اور اسرائیل کی آنکھوں میں طاقتور پاکستان کھٹکتا ہے اور بھارت عالمی استعمار کی آشیرباد سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہے۔ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی کٹھ پتلیوں کے پیچھے بھارتی اور امریکی ڈوریاں ہیں ۔ پاک فوج کے بہادر جوان افغانستان اور بھارت سے درآمد ہونے والی دہشتگردی سے نبرد آزما ہیں ایسے میں اخلاقی معیار اور قومی سلامتی کا تقاضہ ہے کہ ریاست پاکستان واضح اور دوٹوک انداز میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف انقلاب اسلامی ایران کی حمایت کرے۔ حکومت پاکستان کے مشکوک رویے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے علما نے فوری طور پرپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم حکومتی مؤقف کی وضاحت کریں۔
مقررین نے کہا کہ رہبر معظم شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر پہلے امریکی میرینز نے اندھا دھنا فائرنگ کی اور بعدازاں پولیس اور رینجرز کی جانب سے بھی فائرنگ ، لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی جس سے تقریبا دو درجن افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ شہداء نے اپنے خون سے مزاحمت کے چراغ کو جلا بخشی۔ نہتے مظاہرین پر بہیمانہ تشدد اور فائرنگ کی سخت مذمت اور خانوادہ شہدا سے تعزیت اور مکممل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان فوری طور پر امریکی مشن پر پابندی لگاکر امریکی ناظم الامور کو ملک بدر کرے۔ شرکا سے مرکزی صدر آئی ایس او امین شیرازی، صوبائی وزیر ناصر شاہ، مولانا امین شہیدی، مولانا ناظر عباس تقوی، صدر کراچی بار عامر نواز وڑائچ، مولانا مرزا یوسف حسین اور دیگر نے خطاب کیا۔ تبت سینٹر جلسہ گاہ میں کمسن طالبات نے میناب میں شہید ہونے والی بچیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پنڈال میں شہدائے میناب اسکول کی یاد میں درجنوں بستے اور پھول رکھے گئے تھے۔ شرکائے ریلی نے فلسطینی پرچم، پلے کارڈز ، شہید آیت اللہ خامنہ ای اور رہبر معظم سید مجتبیٰ خامنہ ای کی تصاویر اٹھا کر امریکا ، اسرائیل اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ ریلی میں امریکی ،اسرائیلی ، بھارتی پرچم اور بعل نامی شیطان کا مجسمہ بھی نذر آتش کیا گیا۔













