مقبوضہ مغربی کنارہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج نے یلغار، گرفتاریوں اور حملوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہری زخمی ہوئے جبکہ کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
الخلیل میں قابض اسرائیلی فوج نے مسافر یطا کے علاقے مغایر العبید میں ایک لڑکی سمیت کئی فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ جبل جوہر کے علاقے میں غاصب فوج نے ایک فلسطینی گھر پر زبردستی قبضہ کر لیا اور اسے فوجی بیرک میں تبدیل کر دیا۔ الخلیل ہی میں الحاووز کے علاقے پر دھاوا بولا گیا، مرکزی شاہراہ بند کر دی گئی اور شرعی سکول کے قریب براہ راست فائرنگ سے ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
ادھر الحسبہ کے قدیم مرکزی بازار کے قریب انتہا پسند آباد کاروں نے متعدد دکانوں پر دھاوا بولا اور ان کا سامان لوٹ لیا۔ رام اللہ میں ابو قش پر حملے کے دوران شہریوں پر براہ راست فائرنگ کی گئی، جبکہ طوباس کے علاقے عقابا سے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔