مقبوضہ مغربی کنارہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز علی الصبح مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں جس کے دوران فلسطینی شہریوں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور متعدد شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
آج بدھ کی صبح قابض اسرائیلی فوج نے جنین کے جنوب میں واقع قصبے قباطیہ پر دھاوا بولا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج کی بڑی تعداد نے قصبے میں داخل ہو کر گلیوں میں پیدل دستے تعینات کر دیے اور کئی گھروں کی تلاشی لی۔
الخلیل میں قابض فوج نے شہر کے جنوب میں واقع قصبے الظاہریہ پر حملے کے بعد دو شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیل نے الخلیل کے شمال میں واقع العروب کیمپ سے تعلق رکھنے والی خاتون غادہ محمود وريدات اور 18 سالہ نوجوان معتز کمال جوابرہ کو گرفتار کیا۔ گرفتاری سے قبل ان شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گھروں کے سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی۔
مزید برآں قابض فوج نے الخلیل اور اس کے قصبوں، دیہات اور کیمپوں کے داخلی راستوں پر کئی فوجی چوکیاں قائم کیں اور لوہے کے گیٹ، کنکریٹ بلاکس اور مٹی کے ڈھیر لگا کر کئی اہم اور ذیلی سڑکیں بند کر دیں۔
بيت لحم میں قابض فوج نے بدھ کے روز القدس گورنری کے مختلف علاقوں سے تین بچوں سمیت چار شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
سکیورٹی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے وادی معالی سے 17 سالہ محمد اسامہ الہريمی، بیت لحم کے وسطی علاقے المنارہ سے 17 سالہ رامز محمد رمضان اور جنوب میں واقع قصبے الخضر سے 17 سالہ ضیاء محمد عبد اللہ غنيم کو ان کے گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کے بعد گرفتار کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ قابض فوج نے بیت لحم کے جنوب مشرق میں واقع قصبے تقوع پر دھاوا بولا اور 31 سالہ نوجوان عبد عادل العمور کو اس کے گھر سے گرفتار کر لیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے ان دو شہریوں کو بھی گرفتار کر لیا جنہوں نے آباد کاروں کی موجودگی میں اپنی زمینوں پر غاصبانہ قبضے کی کوششوں کو روکنے کی کوشش کی تھی۔
نابلس میں قابض فوج نے آج فجر کے وقت گورنری سے آٹھ شہریوں کو گرفتار کیا۔
سکیورٹی اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے شہر کے کئی محلوں پر حملہ کیا اور حامد نائل القوقا، محمد امین القوقا، معاذ غندور، یحییٰ النابلسی، عز الدین الحناوی اور عبد الرحمن جاد اللہ کو ان کے گھروں میں توڑ پھوڑ کے بعد گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے شہر کے جنوب میں واقع قصبے قصرہ پر بھی دھاوا بولا اور دو نوجوانوں 20 سالہ ميسرہ سليمان عبد المجيد حسن اور 23 سالہ زيد نوری عيسى ابو ريدہ کو گرفتار کیا۔
مقبوضہ بیت المقدس میں قابض حکام نے محکمہ اسلامی اوقاف کے ایک ملازم کو مسجد اقصیٰ سے چھ ماہ کے لیے بے دخل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔
قابض فوج کی گرفتاریوں اور چھاپوں کی یہ مہم مقبوضہ بیت المقدس کے کئی محلوں اور رام اللہ کے قریبی قصبوں تک بھی پھیل گئی جہاں خاص طور پر اسیران اور رہا ہونے والے فلسطینیوں کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔
کارروائیوں کے دوران قابض اسرائیلی فوجیوں نے نوجوانوں پر زہریلی آنسو گیس کے گولے اور ربڑ کی گولیاں برسائیں۔