مقبوضہ مغربی کنارہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) گذشتہ ہفتے کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے اور القدس میں مزاحمتی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ فلسطینی مرکز اطلاعات ’معطی‘ کے مطابق قابض فوج اور یہودی آباد کاروں کے خلاف 29 معیاری اور عوامی مزاحمتی کارروائیاں ریکارڈ کی گئیں۔
مرکز نے نشاندہی کی ہے کہ 19 جون سنہ 2026ء سے 26 جون سنہ 2026ء تک کے عرصے کے دوران مزاحمتی سرگرمیوں میں قابض فوج اور یہودی آباد کاروں کے ساتھ جھڑپیں شامل ہیں۔
فلسطینیوں اور نوجوان مجاہدین نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں یہودی آباد کاروں کے 6 حملوں کو پسپا کیا، جبکہ دو مقامات پر پیٹرول بم پھینکے گئے اور یہودی بستیوں کو نذر آتش کرنے کی کارروائیاں کی گئیں۔
مغربی کنارے اور القدس کے کئی علاقوں میں نوجوانوں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جو 20 مقامات پر مرکوز رہیں۔ ان جھڑپوں میں پتھراؤ کے واقعات کے علاوہ قابض فوج کے جرائم کے خلاف عوامی مظاہرے بھی شامل ہیں۔