کراچی ۔ (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ القدس پر فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ القدس مظلوم فلسطینیوں کی جدوجہد کو یاد رکھنے کا دن ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ یومِ القدس کے موقع پر سندھ حکومت نے صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کیا، فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان اور سندھ کے عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، عالمی برادری فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے، یومِ القدس ہمیں انصاف اور امن کے لیے آواز بلند کرنے کا درس دیتا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے لیے فلسطین کی بہتری کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں، پاکستان بھر میں فلسطین کی آزادی کے لیے یومِ القدس ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، یومِ القدس ریلیوں کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ رہیں، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں، ضلعی انتظامیہ ریلیوں کے منتظمین کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے، امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے عوام سکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔
