مقبوضہ بیت المقدس – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کے شہریوں کے خلاف گرفتاریوں، عدالتی کارروائیوں، شہر بدری کے احکامات اور گھروں میں نظر بندی کی مہمات کے ساتھ ساتھ ان کی نقل و حرکت پر سخت پابندیوں کے ذریعے خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں۔ یہ اقدامات مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی وجود کا گھیرا تنگ کرنے اور اس کے مکینوں کی زندگیوں و حقوق کو محدود کرنے کی پالیسی کا حصہ ہیں۔
ان تازہ ترین خلاف ورزیوں کے سلسلے میں بیت المقدس کی شہری رائدہ سعید نے کئی سال کی پابندیوں، عدالتی کارروائیوں اور گھر میں نظر بندی کے بعد ایک سال قید کی سزا پر عمل درآمد شروع کرنے کے لیے جمعرات کے روز خود کو قابض اسرائیلی حکام کے حوالے کر دیا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض حکام نے اپنی سزا کاٹنے کے لیے خود کو حوالے کرنے کے بعد رائدہ سعید کو الدامون جیل منتقل کر دیا ہے۔
قابض فوج نے رائدہ سعید کو سنہ 2023ء میں آٹھ روز کے لیے گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں گھر میں نظر بند رکھنے کی شرط پر رہا کیا گیا اور یہ نظر بندی گذشتہ دو سال کے دوران مسلسل جاری رہی۔
اس عرصے کے دوران قابض حکام نے ان پر عائد نظر بندی کے اقدامات کو مکمل نظر بندی سے جزوی نظر بندی میں تبدیل کیا تاہم ان پر سخت پابندیاں برقرار رہیں جبکہ اس کے ساتھ ہی مسلسل عدالتی سماعتیں بھی جاری رہیں جو بالآخر قابض حکام کے بقول اشتعال انگیزی کے الزام میں ان کی سزا پر منتج ہوئیں۔
اسی تناظر میں گورنری بیت المقدس نے سنہ 2026ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران بیت المقدس کے شہریوں کی گرفتاری کے 357 واقعات، شہر بدری کے 73 احکامات جن میں اکثریت مسجد اقصیٰ سے بے دخلی کی تھی، جبری گھر نظر بندی کے 10 فیصلوں اور مسماری و زمین ہموار کرنے کی 139 کارروائیوں کا اندراج کیا ہے۔ اس کے علاوہ تنہا اکتوبر کے مہینے میں چھ خواتین اور تین بچوں سمیت 102 شہریوں کی گرفتاری ریکارڈ کی گئی جو شہر کے مکینوں کو نشانہ بنانے والی پابندیوں اور تعاقب کی مختلف صورتوں کے تسلسل کی نشاندہی کرتی ہے۔