غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی سول سوسائٹی تنظیموں کے اتحاد نے وسطی غزہ کی پٹی کے شہر دیر البلح کے مغربی علاقے میں ایک رہائشی فلیٹ پر قابض اسرائیلی بزدلانہ فضائی حملے میں غزہ کی وزارت تعلیم و اعلیٰ تعلیم کے سیکرٹری ڈاکٹر خالد محمود ابو ندا اور ان کی اہلیہ کی شہادت کے بعد فلسطینی اساتذہ، ماہرین تعلیم اور تعلیمی قائدین کو نشانہ بنانے کے واقعات کی آزادانہ اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اتحاد نے ڈاکٹر ابو ندا اور ان کی اہلیہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور فلسطینی تعلیمی برادری سے تعزیت کی اور ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری وزارت تعلیم کی شہادت ان اسرائیلی حملوں کا تسلسل ہے جن کی زد میں طلبہ، اساتذہ، جامعات کے پروفیسرز اور ان کے تعلیمی ادارے آ رہے ہیں۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ سکولوں اور جامعات کا انتظام چلانے والی باصلاحیت شخصیات کا ضیاع شعبہ تعلیم کی بحالی اور تعلیمی سلسلے کے دوبارہ آغاز کی صلاحیت کو کمزور کر رہا ہے۔
ڈاکٹر ابو ندا کی پیشہ ورانہ زندگی تدریس کے ساتھ ساتھ سکول اور یونیورسٹی کی انتظامی ذمہ داریوں کا حسین امتزاج تھی۔ وزارت تعلیم و اعلیٰ تعلیم کے مطابق انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور استاد کیا، پھر جامعاتی تدریس کی طرف آئے، جامعہ الاقصیٰ میں ڈین اسٹوڈنٹس افیئرز اور ڈین داخلہ و رجسٹریشن کے عہدوں پر فائز رہے، اور وزارت تعلیم کے سیکرٹری کا منصب سنبھالنے سے قبل خان یونس میں تعلیمی نگرانی کے شعبے کی سربراہی بھی کی۔
اتحاد نے عام شہریوں اور شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد کو نشانہ بنانے کا سلسلہ روکنے اور بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کا احترام یقینی بنانے کے لیے فوری عالمی اقدام کی اپیل کی۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ اساتذہ، ماہرین تعلیم اور طلبہ کو تحفظ فراہم کیا جائے، اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے یا انہیں اس انداز میں استعمال کرنے سے روکا جائے جس سے عمارتوں اور ان میں موجود افراد کی جانوں کو خطرہ لاحق ہو۔
اتحاد نے خبردار کیا کہ عالمی احتساب کا فقدان اس طرح کے حملوں کے اعادے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، اور تعلیم و انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے اداروں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داروں کے محاسبے کی راہ ہموار کرنے کے لیے ان خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دیں، نیز تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی اور متاثرہ اداروں کی تعمیر نو میں تعاون کریں۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور اوچا کی جانب سے شائع کردہ تعلیمی گروپ کے اعداد و شمار غزہ میں سکولوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے کوشاں کارکنوں کو درپیش تباہی کی شدت کو واضح کرتے ہیں۔
گیارہ اکتوبر سنہ 2025ء کے ایک جائزے سے معلوم ہوا کہ 564 سکولوں کی عمارتوں میں سے 526 یعنی تقریباً 93 فیصد عمارتیں مکمل تعمیر نو یا بڑے پیمانے پر بحالی کی محتاج تھیں تاکہ وہ دوبارہ طلبہ کا خیرمقدم کرنے کے قابل ہو سکیں۔
ستمبر سنہ 2026ء کے اعداد و شمار کے مطابق موجودہ تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ عارضی تعلیمی مراکز میں داخلہ لینے والے بچوں کی تعداد تقریباً پانچ لاکھ ستر ہزار تک پہنچ گئی تھی، جن میں پری سکول اور سکول جانے کی عمر کے بچے شامل ہیں۔
تاہم نومبر کے آغاز میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث ان عارضی تعلیمی مراکز کی اکثریت بھی متاثر ہو گئی، اور اوچا نے جمعرات کو جاری کردہ اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شعبہ تعلیم میں کام کرنے والے ادارے ان مراکز کی بحالی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کوششوں کو سہارا دینے کے لیے 72 خیمے فراہم کیے گئے ہیں۔