نابلس (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس کے شمال مغرب میں واقع گاؤں برقہ پر قابض اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران پیر کی شام فائرنگ سے ایک فلسطینی بچہ شہید ہوگیا۔
قابض فوج نے شہید بچے کی میت اپنی تحویل میں لے لی اور اہل خانہ کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ اس واقعے کے دوران فائرنگ سے دو دیگر کم عمر فلسطینی زخمی ہوئے، جبکہ ہلال احمر کے تین رضاکار طبی کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 14 سالہ معتز دغلس گاؤں برقہ میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد شہید ہوگیا۔چھاپے کے دوران دو دیگر نوجوان بھی براہِ راست گولیوں کا نشانہ بنے۔ زخمیوں میں 17 سالہ نوجوان شامل ہے جس کے پیٹ اور کولہے میں گولی لگی، جبکہ 19 سالہ نوجوان بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔