اے این پی فلسطینی عوام کے ساتھ اخلاقی اور اصولی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ابو مریم (صابر) نے وفد کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین سے باچا خان مرکز پشاور میں ملاقات کی
پشاور (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ابو مریم (صابر) نے وفد کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین سے باچا خان مرکز پشاور میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فلسطینی عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور اسرائیل کی جانب سے جاری مظالم پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہد دراصل حق، انصاف اور انسانی وقار کی بقا کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ایران اور امریکہ کے درمیان تنازعات کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے، اسی طرح مسئلہ فلسطین کا بھی پائیدار، منصفانہ اور دیرپا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی قوموں کے حقِ خودارادیت اور خودمختاری کی حامی ہے اور فلسطینی عوام کی رائے اور خواہشات کا مکمل احترام ضروری ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی مظالم رکوانے کے لیے فوری اور مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی باچا خان کے عدم تشدد کے فلسفے پر یقین رکھتی ہے اور سمجھتی ہے کہ جنگ، تشدد اور گولی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ پائیدار امن صرف مکالمے، باہمی احترام اور انصاف پر مبنی فیصلوں سے ہی ممکن ہے۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو، اے این پی اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور فلسطینی عوام کے ساتھ اخلاقی و اصولی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی ہر سطح پر مظلوم اقوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔
ملاقات میں صوبائی جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی، جائنٹ سیکرٹری شاہین ضمیر، ڈاکٹر شاہین ضمیر (خاتون جائنٹ سیکرٹری) اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات کے اختتام پر وفد نے اے این پی رہنماؤں کو فلسطینی مفلر پیش کیے اور فلسطین کے حوالے سے پارٹی کے مؤقف کی تائید پر شکریہ ادا کیا۔