بیروت – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے اس بات پر زور دیا ہے کہ لبنان اور مزاحمت کے لیے ایرانی حمایت نے مختلف محاذوں بشمول لبنانی میدان پر عسکری کارروائیوں کو رکوانے میں ایک بنیادی عنصر کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والا مفاہمت کا عمل ایران پر جنگ کے خاتمے کو لبنان پر قابض اسرائیل کی جارحیت کے خاتمے سے جوڑتا ہے۔
یہ بات شیخ نعیم قاسم نے آج منگل کے روز ایران کی اسلامی شوریٰ کونسل کے سربراہ محمد رضا قالیباف کے نام اپنے ایک پیغام میں کہی، جس میں انہوں نے گذشتہ مرحلے کے دوران لبنان، اس کے عوام اور اس کی مزاحمت کے لیے ایرانی موقف کی تعریف کی۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ایرانی موقف نے اس چیز کو، جسے انہوں نے لبنان پر قابض اسرائیل اور امریکہ کی جارحیت کو رکوانے کے لیے ”واحد اور فعال امید کی کرن“ قرار دیا، ایک ٹھوس حقیقت میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے ثابت کیا ہے کہ وہ مزاحمت کے مسائل اور ان اقوام کے ساتھ کھڑا ہے جو قبضے اور بالادستی کا سامنا کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مزید ممالک اس جیسے طرز عمل کو اپناتے تو اس سے خطے میں امریکی اثر و رسوخ محدود ہو جاتا اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت فلسطینی علاقوں پر قابض اسرائیل کے قبضے کا خاتمہ ممکن ہوتا۔
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے نشاندہی کی کہ ایران نے گذشتہ برسوں کے دوران بغیر کسی شرط کے مزاحمت اور لبنانی عوام کو سیاسی، اخلاقی اور مادی مدد فراہم کی ہے، اور اس بات کی تصدیق کی کہ اس حمایت نے مزاحمت کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور مختلف چیلنجوں کا سامنا کرنے میں لبنانی معاشرے کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تہران نے اپنے موقف کی وجہ سے براہ راست قیمت چکائی ہے۔ انہوں نے بیروت کے جنوبی مضافات کو نشانہ بنانے کے بعد ایران کے ردعمل اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے علاقائی خطرات و مضمرات کا ذکر کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایرانی قیادت نے تصادم کا دائرہ وسیع ہونے کے امکانات کے باوجود ان مواقف کے نتائج کو برداشت کیا۔
شیخ نعیم قاسم نے حزب اللہ، اس کے حامیوں، شہداء، زخمیوں اور اسیران کی جانب سے ایرانی شوریٰ کونسل کے سربراہ اور ایرانی مذاکراتی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ان مذاکرات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے کردار کی تعریف کی، جو اس حالیہ مفاہمت پر منتج ہوئے۔
یاد رہے کہ امریکہ اور ایران نے پاکستانی ثالثی کے ذریعے گذشتہ اتوار کو ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد اس جنگ کا خاتمہ کرنا ہے جو اٹھائیس فروری سنہ 2026ء کو امریکہ اور قابض اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ اس معاہدے کے علاقائی مسائل بالخصوص لبنان اور غزہ پر اثرات کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔