جنوبی لبنان – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ایک دھماکہ خیز ڈرون طیارے کے پھٹنے کے نتیجے میں اس کا ایک افسر ہلاک اور 7 دیگر اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
غاصب صہیونی فوج کے مطابق جنوبی لبنان میں بارود سے لادے ڈرون کے دھماکے سے گیواتی بریگیڈ کا ایک کیپٹن رینک کا افسر ہلاک ہوا جبکہ 7 اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
عبرانی ذرائع نے اشارہ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ہونے والے اس دھماکہ خیز ڈرون حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ساتوں اہلکاروں میں جفعاتی بریگیڈ کے 4 افسران بھی شامل ہیں۔
قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان پر اپنی مجرمانہ جارحیت اور سفاکیت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور وہ اس جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہے جس کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 17 اپریل سنہ 2026ء کو کیا تھا۔ غاصب صہیونی دشمن کی ان مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک متعدد افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ دو مارچ سے جاری قابض اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت اور حملوں کے نتیجے میں اب تک 3433 شہری جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں جبکہ 10395 دیگر لبنانی باشندے زخمی ہوئے ہیں۔