بیروت – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) لبنان کی وزارتِ صحت نے اطلاع دی ہے کہ رواں ماہ دو مارچ سے لبنان پر جاری قابض اسرائیل کی مسلسل سفاکیت اور جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی مجموعی تعداد 1142 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 3315 ہو چکی ہے۔
وزارت نے آج اس سے قبل صیدا شہر کے قصبے السکسکیہ پر قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 6 شہریوں کی شہادت اور 17 دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اسی طرح وزارتِ صحت نے شمالی بقاع کے علاقے میں واقع قصبے البزالیہ پر اسرائیلی گولہ باری کے نتیجے میں جڑواں بچوں کی حاملہ ماں کی شہادت اور 7 دیگر شہریوں کے زخمی ہونے کا بھی اعلان کیا ہے۔
لبنان پر قابض اسرائیل کی یہ مسلح جارحیت مسلسل 26 ویں دن بھی جاری ہے، جس کے دوران فضائی حملوں اور توپ خانے کی گولہ باری کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ان حملوں نے جنوب کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شہادتیں، زخمی اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے جو فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف صیہونی عزائم کا تسلسل معلوم ہوتا ہے۔