غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت "حماس "کے سیاسی بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ کے صاحبزادے عزالدین الحیہ جمعہ کی فجر مغربی غزہ شہر کے علاقے الرمل میں ایک رہائشی فلیٹ پر ہونے والے اسرائیلی قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے، جہاں وہ اپنے اہل خانہ اور اپنے شہید بھائی عزام کے خاندان کے ہمراہ مقیم تھے۔ اس حملے نے گذشتہ برسوں کے دوران خلیل الحیہ کے بیٹوں اور ان کے خاندان کے افراد کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کے خونی ریکارڈ کو ایک بار پھر منظر عام پر لا کھڑا کیا ہے۔
ہمارے نامہ نگار کو ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اسرائیلی خودکش ڈرون طیاروں نے ایک رہائشی عمارت کے اندر واقع فلیٹ کو نشانہ بنایا تاکہ عزالدین الحیہ کو شہید کیا جا سکے، تاہم وہ اس بمباری میں محفوظ رہے، جبکہ خاندان کے متعدد افراد مختلف نوعیت کے زخموں کا شکار ہوئے جن میں ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، اس کے علاوہ ان کے شہید بھائی عزام کی بیوہ اور کئی بچے بھی زخمی ہوئے۔
حماس نے ایک اخباری بیان میں اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس کارروائی میں خلیل الحیہ کے صاحبزادے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ شہید عزام خلیل الحیہ کے خاندان کو بھی نشانہ بنایا گیا اور قرار دیا کہ یہ حملہ قابض اسرائیل کے وزیر جنگ یسرائیل کاٹز کی جانب سے تحریک کے سربراہ کو دی جانے والی براہ راست دھمکیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
یہ حملہ کاٹز کی جانب سے خلیل الحیہ کا پیچھا کرنے کی دھمکیوں کی تجدید کے محض چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے، جنہوں نے ان بیانات میں دھمکی دی تھی کہ اب ان کی باری آنے والی ہے، اس کے فوراً بعد اس فلیٹ کو نشانہ بنایا گیا جہاں ان کے بیٹے اور اہل خانہ موجود تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے حماس کے رہنما باسم نعیم کے حوالے سے عزالدین اور ان کے اہل خانہ کے قاتلانہ حملے میں محفوظ رہنے کی تصدیق نقل کی ہے، جبکہ خاندان کے افراد کے زخمی ہونے کا بھی ذکر کیا گیا ہے، تاہم خبر شائع ہونے تک اسرائیلی فوج کی جانب سے اس حملے پر کوئی فوری تبصرہ سامنے نہیں آیا تھا۔
اسرائیلی حملوں میں خلیل الحیہ کے چار بیٹوں کی شہادت
عزالدین پر قاتلانہ حملہ خلیل الحیہ کے خاندان کو نشانہ بنائے جانے کے ایک طویل سلسلے کی کڑی ہے، جس کے نتیجے میں ان کے چار بیٹوں سمیت متعدد پوتے پوتیاں اور رشتہ دار شہید ہو چکے ہیں۔
خلیل الحیہ کے سب سے پہلے شہید ہونے والے صاحبزادے حمزہ تھے جو سنہ 2008ء میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہوئے، جس کے بعد جولائی سنہ 2014ء میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کے دوران قابض طیاروں نے مشرقی غزہ شہر کے محلے الشجاعیہ میں ان کے بیٹے اسامہ کے گھر کو نشانہ بنایا جس میں وہ جام شہادت نوش کر گئے۔
اس وقت کی بمباری میں اسامہ، ان کی اہلیہ اور ان کے تین بچے شہید ہو گئے تھے جو خلیل الحیہ کے خاندان پر گزرنے والے انتہائی خونچکاں مراحل میں سے ایک تھا، جبکہ خاندان کے دیگر افراد اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔
ستمبر سنہ 2025ء میں ان کے صاحبزادے ہمام اس وقت شہید ہوئے جب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں تحریک حماس کی قیادت کے ایک اجلاس پر اسرائیلی حملہ کیا گیا، جس کا مقصد غزہ کی پٹی میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں شریک قیادت کے وفد کو قتل کرنا تھا۔
خلیل الحیہ بھی اس حملے کے اہداف میں شامل تھے جس میں وہ معجزانہ طور پر بچ نکلے، تاہم ان کے بیٹے ہمام سمیت تحریک کے متعدد اراکین اور محافظ شہید ہو گئے تھے۔
مئی سنہ 2026ء میں ان کے صاحبزادے عزام غزہ شہر میں ہونے والی ایک اسرائیلی بمباری میں لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے اور یوں وہ اسرائیلی حملوں میں بچھڑنے والے خلیل الحیہ کے چوتھے بیٹے بن گئے۔
پوتوں اور رشتہ داروں کی شہادت و زخمی ہونے کے واقعات
خلیل الحیہ کے خاندان کو پہنچنے والا جانی نقصان ان کے پوتوں اور قریبی رشتہ داروں تک بھی پھیلا ہوا ہے، چنانچہ سنہ 2014ء میں ان کے بیٹے اسامہ کے گھر پر بمباری کے نتیجے میں ان کے تین پوتے شہید ہوئے، جبکہ سند ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اپریل سنہ 2025ء میں التفاح محلے کے ایک سکول پر اسرائیلی بمباری میں ان کا ایک اور پوتا شہید ہو گیا۔
گزشتہ مئی میں الجزیرہ نے خلیل الحیہ کی اہلیہ کے حوالے سے خاندان کی مشکلات کی مزید تفصیلات بیان کیں، جن میں بتایا گیا کہ ان کے چار بیٹے اور پانچ پوتے پوتیاں شہید ہو چکے ہیں، جبکہ جنگ کے دوران عزالدین شدید زخمی ہوئے اور انہوں نے اپنے دو بچوں کو بھی کھو دیا۔
علاوہ ازیں الجزیرہ کے فلسطینی انسائیکلوپیڈیا میں درج معلومات کے مطابق سنہ 2007ء میں بھی خلیل الحیہ کے خاندان کے دیوان کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں خاندان کے متعدد افراد شہید ہوئے جن میں خلیل الحیہ کے دو بھائی، چار بھتیجے اور ایک چچا زاد بھائی شامل تھے۔
براہ راست دھمکیاں اور حملوں میں شدت
خلیل الحیہ کے بیٹے کو نشانہ بنانے کا واقعہ اپنے وقت کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ یہ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ کو دی جانے والی براہ راست اسرائیلی دھمکیوں کے بعد اور جنگ بندی معاہدے کی موجودگی کے باوجود غزہ کی پٹی پر جاری حملوں کے سائے میں پیش آیا ہے۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر جنگ کاٹز نے گزشتہ 11 اکتوبر کو بھی خلیل الحیہ کو قتل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ انہیں تحریک کے سابق سربراہ شہید اسماعیل ہنیہ کے پاس بھیج دیں گے۔
یہ پیش رفت ستمبر سنہ 2025ء میں قطر کے دارالحکومت دوحہ پر ہونے والے اس اسرائیلی حملے کی یاد تازہ کرتی ہے جس میں جنگ بندی کی تجویز پر غور کے لیے ہونے والے اجلاس کے دوران حماس کے قائدین کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں خلیل الحیہ کے صاحبزادے ہمام الحیہ سمیت متعدد افراد شہید ہو گئے تھے۔
قتل کی دھمکیوں اور خاندان کے افراد کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کے درمیان عزالدین الحیہ پر قاتلانہ حملے کی کوشش حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ کے خاندان پر ہونے والے حملوں کے سلسلے کی ایک نئی کڑی بن کر ابھری ہے، جس سے فلسطینی قائدین کے اہل خانہ تک حملوں کا دائرہ وسیع کرنے کے مضمرات اور جنگ بندی معاہدے و اس کے استحکام کی کوششوں پر مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سے سنگین سوالات جنم لے رہے ہیں۔