• Newsletter
  • صفحہ اول
  • صفحہ اول2
بدھ 18 نومبر 2026
  • Login
Roznama Quds | روزنامہ قدس
  • صفحہ اول
  • فلسطین
  • حماس
  • غزہ
  • پی ایل او
  • صیہونیزم
  • عالمی یوم القدس
  • عالمی خبریں
  • پاکستان
  • رپورٹس
  • مقالا جات
  • مکالمہ
No Result
View All Result
  • صفحہ اول
  • فلسطین
  • حماس
  • غزہ
  • پی ایل او
  • صیہونیزم
  • عالمی یوم القدس
  • عالمی خبریں
  • پاکستان
  • رپورٹس
  • مقالا جات
  • مکالمہ
No Result
View All Result
Roznama Quds | روزنامہ قدس
No Result
View All Result
Home خاص خبریں

غزہ میں منظم قتلِ عام اور نسل کشی کی گئی، صہیونی فوجیوں کے اعتراف

بدھ 18-11-2026
in خاص خبریں, صیہونیزم, غزہ
0
غزہ میں منظم قتلِ عام اور نسل کشی کی گئی، صہیونی فوجیوں کے اعتراف
0
SHARES
5
VIEWS

تل ابیب – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی پر جنگ میں شریک قابض اسرائیلی فوج کے سپاہیوں اور افسران کے بیانات نے بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کا انکشاف کیا ہے جن میں نہتے فلسطینی شہریوں کا قتل، رہائشی علاقوں کی تباہی و گھروں کو نذر آتش کرنا اور فلسطینیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا شامل ہے، جبکہ یہ سب کچھ ایسے فوجی احکامات اور اشتعال انگیز بیانیے کے سائے میں ہوا جس نے غزہ کی پٹی کے مکینوں سے انتقام لینے کی خواہش کو ہوا دی۔

الجزیرہ چینل سے نشر ہونے والی ایک دستاویزی فلم میں ان بیانات پر روشنی ڈالی گئی ہے جو قابض اسرائیلی فوجیوں نے دیے جن میں سے بعض کی شناخت ان کے تحفظ کے پیش نظر خفیہ رکھی گئی ہے۔ اس فلم میں فائرنگ کے قواعد، میدانی کارروائیوں کی نوعیت، خلاف ورزیوں کا جواز پیش کرنے میں فوجی و مذہبی قیادت کے کردار، نیز احتساب کی عدم موجودگی اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے قابض اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی چشم پوشی کے حوالے سے فوجی ادارے کے اندر کی کہانیاں پیش کی گئی ہیں۔

فوجیوں نے واضح کیا کہ سات اکتوبر سنہ 2023ء کے حملوں کے بعد پائی جانے والی غصے کی کیفیت فوجی یونٹوں کے اندر ایک انتقامی رجحان میں تبدیل ہو گئی جس نے بلا امتیاز غزہ کے مکینوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ایک فوجی ربی نے عام شہریوں سمیت ہر ایک سے انتقام لینے کا مطالبہ کیا اور سپاہیوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے بجائے اس چیز پر توجہ دیں جسے اس نے قابض اسرائیلی فوج کی روح قرار دیا۔

شریک اہلکاروں نے مزید بتایا کہ بعض بھرتی ہونے والے افراد عربوں کو قتل کرنے کی خواہش کے محرک کے تحت فوج میں شامل ہوئے جبکہ فوجی یونٹوں کے اندر یہ سوچ راسخ ہو گئی کہ لڑنے کی عمر کے ہر فلسطینی مرد کو مشتبہ دہشت گرد سمجھا جائے خواہ اس کے پاس ہتھیار ہونے یا جنگی کارروائیوں میں شریک ہونے کا کوئی ثبوت موجود نہ ہو۔

شہریوں پر فائرنگ اور فوجی اہداف کے بغیر تباہی

بیانات میں نہتے فلسطینیوں، جن میں کم عمر لڑکے بھی شامل تھے کو محض قابض فوج کی جانب سے ممنوعہ قرار دیے گئے علاقوں میں موجودگی یا ان کی نقل و حرکت پر شبے کی بنیاد پر قتل کرنے کے واقعات شامل ہیں۔ اسی طرح ایک فوجی نے ایک ایسی عمارت کو نشانہ بنانے کا واقعہ بیان کیا جس کی چھت پر ایک شخص اپنے کپڑے پھیلا رہا تھا، جسے ایک قابض اسرائیلی افسر نے میدانی مبصر قرار دے دیا حالانکہ اس کے پاس ہتھیار ہونے یا خطرہ بننے کا کوئی اشارہ موجود نہیں تھا۔

بیانات کے مطابق خلاف ورزیوں کا دائرہ واضح فوجی اہداف کے بغیر عمارتوں اور رہائشی محلوں کی تباہی و گھروں کو جلانے تک پھیل گیا، اس کے علاوہ فوجیوں نے فلسطینیوں کی املاک میں توڑ پھوڑ اور تباہی کی کارروائیوں کی ویڈیوز بنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر شائع کیا۔

فلم میں ایک فوجی کے حوالے سے نقل کیا گیا کہ اس کے یونٹ کے اہلکاروں نے درجنوں گھروں کو آگ لگا دی جبکہ ایک دوسرے فوجی نے ایک فلسطینی گھر کے سامان کو محض اس لیے توڑ پھوڑ کر تباہ کرنے کی بات کی کہ وہ ایسا کرنے کی قدرت رکھتا تھا اور یہ سوچ کر کہ یہ عمارت ویسے بھی بعد میں مسمار کر دی جائے گی، تاہم اس نے ان اقدامات پر اپنی کراہت اور شرمندگی کے احساس کا اظہار کیا۔

فلم میں اقوام متحدہ کے حوالے سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جنگ کے پہلے سال کے دوران غزہ کی پٹی کا تقریباً 60 فیصد حصہ متاثر یا تباہ ہو گیا جبکہ قابض اسرائیل کے زیر کنٹرول بفر زونز قائم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر مسماری کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ 85 فیصد آبادی نقل مکانی پر مجبور ہوئی۔

سرنگوں کے اندر فلسطینی بطور انسانی ڈھال

بیانات میں سامنے آنے والے خطرناک ترین انکشافات میں فوجی کارروائیوں کے دوران فلسطینیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا شامل ہے، جسے فوج کے اندر مچھر پروٹوکول کا نام دیا گیا تھا۔ اس طریقے کے تحت فلسطینیوں کو سرنگوں میں داخل ہونے اور ان کی تلاشی لینے پر مجبور کیا جاتا تھا اور انہیں ایسے فون دیے جاتے تھے جو ان کے مقامات کے کوآرڈینیٹس قابض اسرائیلی افواج کو منتقل کرتے تھے۔

ایک فوجی نے تصدیق کی کہ یہ عمل فوجی یونٹوں میں عام ہو گیا تھا اور کم عمر افراد سمیت فلسطینیوں کو کئی دنوں تک یہ کام انجام دینے پر مجبور کیا گیا۔ اس نے نشاندہی کی کہ اس کے یونٹ نے اس وقت اس سلسلے کو روکنے کی کوشش کی جب اہلکاروں کو احساس ہوا کہ یہ جنگی جرم اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

تاہم اس کے بیان کے مطابق بٹالین کی قیادت نے سپاہیوں کے اعتراضات مسترد کر دیے اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے بجائے قابض اسرائیلی فوج کی روح کی فکر کریں۔

شریک اہلکاروں نے ہتھیار اٹھانے کا کوئی ثبوت سامنے آئے بغیر فلسطینیوں کا تعاقب کرنے اور انہیں قتل کرنے کے لیے ڈرون طیاروں کے استعمال پر بھی بات کی اور نتساریم راہداری میں ایک شخص کا تقریباً آدھے گھنٹے تک پیچھا کرنے کے واقعے کا حوالہ دیا جس کے بعد اس کے پاس کوئی ہتھیار نظر نہ آنے کے باوجود اسے گولی مارنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔

امداد کے متلاشی افراد پر فائرنگ

ایک اور پہلو سے بیانات میں ان فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا جو غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کے تحت قائم تقسیم کے مراکز کے قریب انسانی امداد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے، جس نے مئی سنہ 2025ء میں امریکہ اور قابض اسرائیل کی حمایت سے اپنا کام شروع کیا تھا۔

ایک فوجی نے بیان کیا کہ اس نے دو قابض اسرائیلی سپاہیوں کو دو فلسطینی نوجوانوں پر گولیاں چلاتے دیکھا جو ایک مرکز سے بھاگ کر دور جا رہے تھے جس کے نتیجے میں وہ دونوں شہید ہو گئے، جبکہ ایک دوسرے فوجی نے امداد کی تقسیم کے ایک مرکز کے قریب چار فلسطینیوں کو لے جانے والی ایک شہری گاڑی کو ٹینک کے گولے سے نشانہ بنانے کا ذکر کیا۔

اقوام متحدہ کے مطابق فاؤنڈیشن کے مراکز کے اطراف امداد حاصل کرنے کی کوشش کے دوران کم از کم 944 فلسطینی شہری قتل کیے گئے جبکہ فلم میں نشاندہی کی گئی کہ قابض اسرائیلی فوج نے جون سنہ 2025ء میں امداد کے متلاشی افراد پر فائرنگ کے الزامات کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں لائی گئی۔

احتساب کا فقدان اور میڈیا بیانیے کی ملی بھگت

فلم میں شریک سپاہیوں اور افسران نے قابض اسرائیلی فوجی ادارے کے اندر خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ تحقیقات کا آغاز عموماً ذمہ داری سے انکار کے ساتھ ہوتا ہے اور بالآخر ذمہ داران کے خلاف کسی عملی احتساب کے بغیر ان واقعات کو آپریشنل غلطیاں قرار دے کر ختم کر دیا جاتا ہے۔

اسی طرح انہوں نے قابض اسرائیلی ذرائع ابلاغ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر جنگ کے حوالے سے جانبدرانہ بیانیہ پیش کرنے اور سپاہیوں کو خطرات کا مقابلہ کرنے والے ہیرو بنا کر دکھانے کا الزام عائد کیا جبکہ اس کے مقابلے میں فلسطینی بچوں اور خواتین کے قتل کے مناظر اور غزہ کی پٹی میں فوجی کارروائیوں سے ہونے والی تباہی کے حجم کو چھپایا گیا۔

بعض شرکا کا ماننا تھا کہ جو کچھ ہوا وہ اعلانیہ فوجی اہداف سے تجاوز کر گیا اور غزہ کے مکینوں سے اجتماعی انتقام کی مہم میں تبدیل ہو گیا جبکہ ان میں سے ایک نے فوج کے ارتکاب کردہ جرائم کو فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی قرار دیا۔

فلم کا اختتام ایسے فوجیوں کے بیانات پر ہوا جنہوں نے ان افعال پر شرمندگی اور ندامت کے احساس کا اظہار کیا جن میں وہ شریک رہے، اور قابض اسرائیلی فوج میں خدمات انجام دینے پر فخر کھو دینے کی بات کی جبکہ دیگر نے غزہ کی پٹی کے مکینوں کے مستقبل پر سوالات اٹھائے کہ شہروں اور رہائشی علاقوں پر چھائی ہوئی ہولناک تباہی اور ملبے کے درمیان زندگی کا دوبارہ آغاز کیسے ممکن ہو سکے گا۔

Tags: #WarCrimesGazaGenocideIsraeliMilitaryIsraeliSoldiersMassKillingspalestinePalestiniansPalestinianYouth
ShareTweetSendSend

ٹوئیٹر پر فالو کریں

Follow @roznamaquds Tweets by roznamaquds

© 2019 Roznama Quds Developed By Team Roznama Quds.

Welcome Back!

Login to your account below

Forgotten Password?

Retrieve your password

Please enter your username or email address to reset your password.

Log In
No Result
View All Result
  • Newsletter
  • صفحہ اول
  • صفحہ اول2

© 2019 Roznama Quds Developed By Team Roznama Quds.