• Newsletter
  • صفحہ اول
  • صفحہ اول2
پیر 23 نومبر 2026
  • Login
Roznama Quds | روزنامہ قدس
  • صفحہ اول
  • فلسطین
  • حماس
  • غزہ
  • پی ایل او
  • صیہونیزم
  • عالمی یوم القدس
  • عالمی خبریں
  • پاکستان
  • رپورٹس
  • مقالا جات
  • مکالمہ
No Result
View All Result
  • صفحہ اول
  • فلسطین
  • حماس
  • غزہ
  • پی ایل او
  • صیہونیزم
  • عالمی یوم القدس
  • عالمی خبریں
  • پاکستان
  • رپورٹس
  • مقالا جات
  • مکالمہ
No Result
View All Result
Roznama Quds | روزنامہ قدس
No Result
View All Result
Home خاص خبریں

فلسطین میں اسرائیلی اجتماعی سزائیں، معمولاتِ زندگی کس طرح متاثر ہو رہے ہیں؟

پیر 23-11-2026
in خاص خبریں, رپورٹس, صیہونیزم
0
فلسطین میں اسرائیلی اجتماعی سزائیں، معمولاتِ زندگی کس طرح متاثر ہو رہے ہیں؟
0
SHARES
1
VIEWS

مقبوضہ فلسطین – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) جب بچوں کی نرسری میں بجلی منقطع ہو جائے، یا کوئی ماں دائمی مرض کی دوا حاصل کرنے سے قاصر ہو، یا کوئی طالب علم راستہ بند ہونے کی وجہ سے اپنی یونیورسٹی جانے سے رک جائے، تو یہ سوال کہ اجتماعی سزائیں روزمرہ زندگی پر کیسے اثر انداز ہوتی ہیں، بڑی سرخیوں سے پہلے اس زندگی کی جزئیات کا سوال بن جاتا ہے جنہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اجتماعی سزاء قابض اسرائیل کے دباؤ کا ایک ایسا نظام ہے جو اپنی قیمت جان بوجھ کر فلسطینی عام شہریوں یعنی گھر، بیکری، ہسپتال، تنخواہ، پانی اور نقل و حرکت کے حق پر منتقل کرتا ہے۔

فلسطین اور بالخصوص غزہ کی پٹی میں یہ سزائیں ہمیشہ کسی ایک اعلان کی صورت میں سامنے نہیں آتیں۔ یہ کبھی ایندھن اور ادویات کے داخلے کو روکنے یا تاخیر کرنے والے محاصرے کی شکل میں آتی ہیں، کبھی شہروں اور دیہات کو الگ کرنے والی چوکیوں کی بندش، کبھی انتقامی کارروائی کے طور پر مکان منہدم کرنے، کبھی فنڈز اور ٹیکس روکنے اور کبھی ماہی گیری، زراعت و روزگار پر پابندی لگانے کی صورت میں ظاہر ہوتی ہیں۔ تاہم ان سب کا نتیجہ ایک ہی نکلتا ہے: ایک پورے معاشرے پر ایسے اعمال کے نتائج لاد دینا جن پر اس کے افراد کا کوئی اختیار نہیں، جو انفرادی ذمہ داری کے اس اصول کی صریح خلاف ورزی ہے جس پر انصاف قائم ہے۔

اجتماعی سزائیں خاندان پر روزمرہ کس طرح اثر انداز ہوتی ہیں؟

اجتماعی سزائیں سب سے پہلے کسی خاندان کی اپنے اگلے دن کی منصوبہ بندی کرنے کی صلاحیت کو نشانہ بناتی ہیں۔ وہ خاندان جسے یہ معلوم نہ ہو کہ آیا پانی آئے گا یا نہیں، ایندھن دستیاب ہو گا یا نہیں، یا گزرگاہ کھلے گی یا نہیں، وہ اپنی زندگی کو ایک معمول کی زندگی کے طور پر نہیں گزار سکتا۔ معمولی ترین فیصلے بھی کٹھن حساب کتاب میں بدل جاتے ہیں۔آیا جنریٹر چلایا جائے یا ایندھن بچا کر رکھا جائے؟ خوراک خریدی جائے یا دوا؟ بمباری یا علاقے پر دھاوا بولے جانے کے خوف کے سائے میں بچے کو سکول بھیجا جائے یا نہیں؟

اس صورتحال کی شدت خواتین پر دوچند ہو جاتی ہے جو بہت سے گھروں میں قلت کے حالات کے اندر خوراک اور دیکھ بھال کا انتظام کرنے کی ذمہ داری اٹھاتی ہیں۔ چنانچہ گیس یا بجلی سے محروم باورچی خانہ محض ایک گھریلو معاملہ نہیں بلکہ محاصرے کے خلاف روزمرہ محاذ آرائی کا میدان بن جاتا ہے۔ جب عوامی خدمات منہدم ہوتی ہیں تو ان کا بوجھ گھروں کے اندر خواتین پر منتقل ہو جاتا ہے۔ مریضوں کی تیمارداری، پانی کی تلاش، پریشان بچوں کی دیکھ بھال اور عام حالات میں دستیاب اشیا کے متبادل تلاش کرنا۔

جہاں تک بچوں کا تعلق ہے تو وہ کم عمری میں ہی یہ سیکھ لیتے ہیں کہ تحفظ کوئی فطری یا یقینی امر نہیں ہے۔ ایک بچہ اپنے دن کا اندازہ طیاروں کی آواز، بجلی کی بندش کے اوقات یا نئی بے گھری کے امکان سے لگاتا ہے۔ یہ بار بار پیدا ہونے والا خوف کسی ایک فوجی واقعے کے ختم ہونے سے دور نہیں ہوتا کیونکہ اجتماعی سزا بے یقینی اور محرومی کا ایک مستقل ماحول پیدا کر دیتی ہے اور بچپن سے بغیر کسی خطرے کے استحکام، کھیلنے اور سیکھنے کا حق چھین لیتی ہے۔

خوراک اور دوا: جب ضرورت دباؤ کا ہتھیار بن جائے

اشیا کے داخلے پر محاصرہ اور جان بوجھ کر عائد کی گئی پابندیاں محض منڈیوں کو متاثر نہیں کرتیں بلکہ بقا کے بنیادی حق پر ضرب لگاتی ہیں۔ خوراک کی کمی کا مطلب ہمیشہ کھانے کی مکمل عدم موجودگی نہیں ہوتا بلکہ غذائی تنوع میں کمی، قیمتوں میں اضافہ اور خاندانوں کا کم غذائیت والے کھانوں پر انحصار کرنا بھی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ سزاؤں سے پیدا ہونے والی غربت لوگوں کو خوراک کی مقدار کم کرنے، پروٹین، سبزیوں اور پھلوں سے دستبردار ہونے اور باوقار زندگی میں ناقابل التوا ضروریات کو مؤخر کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔

صحت کے شعبے میں اس کی قیمت کہیں زیادہ بھاری ہوتی ہے۔ مریض سیاسی حساب کتاب بدلنے یا گزرگاہیں کھلنے تک انتظار نہیں کر سکتا۔ کینسر، گردوں کے فیل ہونے اور ذیابیطس کی ادویات، جراحی کے آلات، اسپتالوں کے لیے ضروری ایندھن اور علاج کے لیے مریضوں کی نقل و حرکت کی آزادی کوئی مذاکراتی مراعات نہیں ہیں۔ جب ان ضروریات پر پابندی لگائی جاتی ہے تو خود مرض فوجی کنٹرول کے ترازو کا محکوم ہو جاتا ہے اور ڈاکٹر کو بے شمار مریضوں اور قلیل وسائل کے درمیان انتخاب کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔

معاملہ محض قلت کے اعلان کردہ اعداد و شمار تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کا ایک خاموش اثر بھی ہے جسے چارٹ آسانی سے ریکارڈ نہیں کر پاتے: ایک مریض اپنا معائنہ مؤخر کر دیتا ہے، ایک ماں دوا کی خوراک کم کر دیتی ہے تاکہ وہ زیادہ دن چل سکے، ایک باپ دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس جانے سے گریز کرتا ہے کیونکہ ترجیح خوراک ہے، یا ایک نوجوان اپنا گھر یا خاندان کا کوئی فرد کھونے کے بعد نفسیاتی علاج حاصل کرنے سے قاصر رہتا ہے۔ یوں جسموں میں نقصانات جمع ہوتے رہتے ہیں اور بعد ازاں زیادہ گہرے اور مہنگے طبی بحرانوں کی صورت میں ابھرتے ہیں۔

کھلی سزا کے زیر اثر فلسطینی معیشت

اجتماعی سزائیں معیشت کو نچلی سطح سے تبدیل کر کے رکھ دیتی ہیں۔ وہ مزدور جسے فوجی چوکیوں یا بندشوں کی وجہ سے اپنے کام پر جانے سے روک دیا جاتا ہے وہ ایک ہی دن میں اپنی آمدن کھو بیٹھتا ہے، تاہم اس کا نقصان اس کے خاندان، محلے کی دکان اور آجر تک پھیل جاتا ہے۔ وہ کسان جسے اپنی زمین تک پہنچنے سے روکا جاتا ہے یا پابندیوں کی وجہ سے اس کی فصلیں تباہ ہو جاتی ہیں وہ محض ایک فصل نہیں کھوتا بلکہ اگلے موسم میں سرمایہ کاری کرنے کی صلاحیت بھی کھو بیٹھتا ہے۔ اسی طرح وہ ماہی گیر جس کے لیے سمندر کا دائرہ تنگ کر دیا جاتا ہے وہ اپنا ذریعہ معاش اور اپنے قریب موجود قدرتی وسائل استعمال کرنے کا حق کھو دیتا ہے جن پر طاقت کے زور پر قبضہ جمایا گیا ہے۔

علاوہ ازیں بنیادی ڈھانچے کی تباہی یا تعمیر نو کے سامان پر پابندی نقصان کو ایک طویل چکر میں بدل دیتی ہے۔ منہدم شدہ مکان کا مطلب محض سر چھپانے کی جگہ کھونا نہیں بلکہ جمع پونجی، پتے، دستاویزات اور یادیں کھونا اور شاید کوئی ایسی دکان یا ورکشاپ کھونا بھی ہے جو آمدن کا واحد ذریعہ تھی۔ جب دوبارہ تعمیر کے وسائل دستیاب نہیں ہوتے تو خاندان کرائے کے مکانوں، قرضوں اور بار بار کی بے گھری کی طرف دھکیل دیے جاتے ہیں جبکہ مقامی معیشت پیداوار کا قدرتی چکر بحال کرنے سے قاصر رہتی ہے۔

بعض لوگ یہ گمان کر سکتے ہیں کہ انسانی امداد اس خلا کو پر کر دیتی ہے، لیکن یہ امداد ایک متحرک اور پیداواری معیشت کا نعم البدل نہیں بن سکتی۔ امداد فوری بھوک کو تو کم کر سکتی ہے مگر یہ نقل و حرکت کی آزادی بحال نہیں کرتی، منڈیاں نہیں کھولتی، زمین کا تحفظ نہیں کرتی اور نہ ہی کسی نوجوان کو مستقل روزگار فراہم کرتی ہے۔ ایک محصور معاشرے کی امداد کرنے اور ان سیاسی اسباب کو ختم کرنے کے درمیان بنیادی فرق ہے جو اسے امداد کا محتاج بناتے ہیں۔

مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اجتماعی سزاء

فلسطینی جغرافیے میں اجتماعی سزائیں کوئی ایک ہی شکل اختیار نہیں کرتیں۔ مغربی کنارے میں یہ سزا فوجی چوکیوں، آہنی دروازوں اور دیہات و شہروں کے داخلی راستے بند کرنے کی صورت میں سامنے آتی ہے جس سے روزگار، تعلیم، ایمبولینس سروس اور تجارتی زندگی مفلوج ہو کر رہ جاتی ہے۔ دو قصبوں کے درمیان ایک مختصر سفر گھنٹوں کے انتظار اور تذلیل میں بدل جاتا ہے جس کے ساتھ وقت، آمدن اور علاج کے مواقع کا نقصان بھی جڑا ہوتا ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں یہ سزائیں رہائشی حقوق منسوخ کرنے، مکانات منہدم کرنے، تعمیر پر پابندیاں لگانے، گرفتاریوں اور فلسطینی اداروں و وجود کو نشانہ بنانے کی پالیسیوں کے ساتھ گھل مل جاتی ہیں۔ عبرت یا سزا کے بہانے کسی گھر کو منہدم کرنا محض ایک فرد کو سزا نہیں دیتا بلکہ پورے خاندان کو بے گھر کر دیتا ہے اور اس کے سماجی ماحول کو دھمکی کا پیغام دیتا ہے۔ یہ ایک ایسا اقدام ہے جو گھر کو، جسے تحفظ کی جگہ ہونا چاہیے، قابض حکام کے فیصلے کا یرغمال بنا دیتا ہے۔

ان پالیسیوں کو فلسطینیوں کو زیر کرنے اور قابض اسرائیل کی شرائط کے مطابق ان کی زندگی کو از سر نو منظم کرنے کے وسیع تر مقصد سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ ہر فوجی چوکی علاقوں کے درمیان رابطہ منقطع کرتی ہے، ہر بندش مقامی منڈی کا گلا گھونٹتی ہے اور ہر منہدم شدہ مکان معاشرے کو ٹکڑوں میں بانٹنے اور اجتماعی استقامت کی صلاحیت کو کمزور کرنے کی طرف دھکیلتا ہے۔ اس لیے انہیں محض سکیورٹی اقدامات قرار دینا پورے عوام پر ان کے حقیقی اثرات پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

نفسیاتی اثرات: خوف بطور ایک پالیسی

اجتماعی سزاؤں کے خطرناک ترین نتائج میں سے ایک یہ ہے کہ یہ دائمی خوف پیدا کرتی ہیں۔ یہاں خوف کسی غیر معمولی واقعے پر انفرادی ردعمل نہیں بلکہ ایک ایسی کیفیت ہے جو مسلسل بے یقینی سے پروان چڑھتی ہے: کیا کیمپ پر دھاوا بولا جائے گا؟ کیا بمباری دوبارہ شروع ہو گی؟ کیا راستے بند کر دیے جائیں گے؟ کیا خوراک اور دوا پہنچ پائے گی؟ یہ اضطراب استحکام کے احساس کو ختم کر دیتا ہے اور نیند، تعلیمی کارکردگی، خاندانی تعلقات اور مستقبل کے فیصلے کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے۔

تاہم فلسطینی معاشرے کو محض ایک خاموش مظلوم کی تصویر تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ ان پالیسیوں کے مقابلے میں باہمی کفالت کے نیٹ ورک، عوامی اقدامات اور تعلیم، روزگار و سرزمین پر وجود برقرار رکھنے کا عزم ابھر کر سامنے آتا ہے۔ لیکن اس استقامت کو محرومی کو معمول بنانے یا لوگوں سے وہ بوجھ اٹھانے کا مطالبہ کرنے کا بہانہ نہیں بننا چاہیے جو انہیں نہیں اٹھانا چاہیے۔ فلسطینیوں کی استقامت معاشرے کی طاقت کی گواہی ہے، نہ کہ قابض قوت کو اس کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری سے بری کرنے کا جواز۔

اعداد و شمار کی زبان سے باہر کیا سمجھنا ضروری ہے؟

بعض اوقات المیے کی پیمائش امدادی ٹرکوں کی تعداد، بجلی کے گھنٹوں یا بے روزگاری کی شرح سے کی جاتی ہے اور یہ ضروری اشارے ہیں مگر کافی نہیں ہیں۔ ہر عدد کے پیچھے ایک معلق زندگی ہے: ایک طالب علم جو اپنی گریجویشن مؤخر کر رہا ہے، ایک کسان جو اپنی آبائی زمین کھو رہا ہے، ایک خاندان جو پناہ گاہوں کے درمیان در بدر ہو رہا ہے اور ایک مریض جو بیک وقت اپنی بیماری اور گزرگاہ کی سرحدوں کا سامنا کر رہا ہے۔ ان حقائق کو ان کے سیاسی پس منظر سے کاٹ کر دیکھنے سے اجتماعی سزا ایک ایسے انسانی بحران کی طرح دکھائی دیتی ہے جس کا کوئی ذمہ دار نہیں، جبکہ حقیقت میں یہ ایسی پالیسیوں کا نتیجہ ہے جنہیں روکا جا سکتا ہے اور انہیں مسلط کرنے والوں کا احتساب کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع ابلاغ، محققین اور انسانی حقوق کے اداروں کا فرض ہے کہ وہ محض نتائج ریکارڈ کرنے پر اکتفا نہ کریں بلکہ اصل سبب کو اس کے حقیقی نام سے پکاریں: ایک ایسی اجتماعی سزا جو عام شہریوں کو نشانہ بناتی ہے اور ان کے بنیادی حقوق کو سلب کرتی ہے۔ اس حقیقت کا شعور ہی ایک زیادہ منصفانہ موقف کا نقطہ آغاز ہے کیونکہ پانی، دوا یا کھلے راستے کی تلاش میں سرگرداں فلسطینی کسی بریکنگ نیوز کا محض ایک عدد نہیں بلکہ ایک انسان ہے جو اپنی سرزمین پر آزاد اور محفوظ زندگی گزارنے کے اپنے فطری حق کا مطالبہ کر رہا ہے۔

Tags: CollectivePunishmentDailyLifeHumanRightsIsraeliOccupationMovementRestrictionspalestinePalestinianCivilians
ShareTweetSendSend

ٹوئیٹر پر فالو کریں

Follow @roznamaquds Tweets by roznamaquds

© 2019 Roznama Quds Developed By Team Roznama Quds.

Welcome Back!

Login to your account below

Forgotten Password?

Retrieve your password

Please enter your username or email address to reset your password.

Log In
No Result
View All Result
  • Newsletter
  • صفحہ اول
  • صفحہ اول2

© 2019 Roznama Quds Developed By Team Roznama Quds.