قلندیا کیمپ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع قلندیا کیمپ پر قابض اسرائیلی فوج کے مسلسل اور سفاکانہ حملے کے دوران ایک بچے سمیت تین فلسطینی شہری قابض فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ کیمپ کے اطراف میں تعینات قابض فوجیوں کی سیدھی فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچہ کندھے پر گولی لگنے سے زخمی ہوا، جس کی حالت خطرے سے باہر اور معمولی بتائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع قلندیا انسٹی ٹیوٹ کے قریب جاری جھڑپوں کے دوران ایک اور فلسطینی بھی قابض فوج کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ اس دوران کیمپ کے اطراف میں فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا اور قابض فوج کا بھاری اجتماع دیکھا گیا۔
اس مسلسل جارحیت کے ایک اور مذموم سلسلے میں قابض فوج نے قلندیا کیمپ روڈ کے ائیرپورٹ اسٹریٹ والے حصے میں انہدام کے نوٹس تقسیم کیے، جبکہ پورے علاقے میں شدید کشیدگی اور جھڑپوں کا ماحول برقرار ہے۔
یہ زخم دینے والے یہ واقعات قلندیا کیمپ اور اس کے گردونواح میں جاری اس بدترین تسلسل کا حصہ ہیں جہاں قابض حکومت کے شدت پسند وزیرِ سکیورٹی ایتمار بن غفير کی سرپرستی میں قابض فوج نے اقوام متحدہ کے ادارے برائے پناہ گزین (انروا) کے قلندیا ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو زبردستی خالی کرا کر اس پر غاصبانہ قبضہ کر لیا ہے۔