نابلس – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض صہیونی حکام نے مشرقی نابلس کے گاؤں سالم سے تعلق رکھنے والے شہید وسام غسان حسن اشتیہ کا جسد خاکی ان کے اہل خانہ کی جانب سے طے کردہ انتظامات کے مطابق تجہیز و تکفین اور تدفین کی تیاری کے لیے حوالے کر دیا ہے، جسے قابض اسرائیل نے 16 ماہ سے زائد عرصے تک اپنی تحویل میں رکھا تھا۔
37 سالہ وسام اشتیہ 6 جولائی سنہ 2025ء کو گاؤں سالم پر قابض افواج کے چھاپے کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے، اس روز قابض افواج نے گاؤں کے مشرقی حصے میں دو گھروں کا محاصرہ کیا، براہ راست فائرنگ کی اور پھر وسام اشتیہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا تھا۔
اسی روز کی شام کو فلسطینی وزارت صحت نے شہری امور کی اتھارٹی کی جانب سے اطلاع موصول ہونے کے بعد ان کی شہادت اور جسد خاکی قبضے میں لیے جانے کا اعلان کیا تھا۔
اسی چھاپے کے دوران 23 سالہ نوجوان قصی ناصر محمود نصار بھی شہید ہوئے تھے جن کا جسد خاکی نابلس کے رفیدیہ سرکاری اہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ وسام اشتیہ کا جسد خاکی آج حوالے کیے جانے تک قابض حکام کی تحویل میں رہا۔
شہداء کے جسد خاکی کی واپسی کی قومی مہم اور قیدیوں کے اداروں نے گذشتہ 26 اگست کو شائع کردہ اعداد و شمار میں بتایا تھا کہ وہ ایسے 799 شہدا کی شناخت رکھتے ہیں جن کے جسد خاکی قابض اسرائیل نے اپنی تحویل میں لے رکھے ہیں، جن میں سے 256 کو نمبروں والے قبرستانوں میں دفن کیا گیا ہے اور اس مجموعی تعداد میں 99 قیدیوں، 81 بچوں اور دس خواتین شہدا کے جسد خاکی بھی شامل ہیں۔