• Newsletter
  • صفحہ اول
  • صفحہ اول2
جمعہ 20 نومبر 2026
  • Login
Roznama Quds | روزنامہ قدس
  • صفحہ اول
  • فلسطین
  • حماس
  • غزہ
  • پی ایل او
  • صیہونیزم
  • عالمی یوم القدس
  • عالمی خبریں
  • پاکستان
  • رپورٹس
  • مقالا جات
  • مکالمہ
No Result
View All Result
  • صفحہ اول
  • فلسطین
  • حماس
  • غزہ
  • پی ایل او
  • صیہونیزم
  • عالمی یوم القدس
  • عالمی خبریں
  • پاکستان
  • رپورٹس
  • مقالا جات
  • مکالمہ
No Result
View All Result
Roznama Quds | روزنامہ قدس
No Result
View All Result
Home خاص خبریں

قید میں توسیع کے ذریعے ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی زندگی خطرے میں ڈالی جا رہی ہے

جمعہ 20-11-2026
in خاص خبریں, صیہونیزم, فلسطین
0
قید میں توسیع کے ذریعے ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی زندگی خطرے میں ڈالی جا رہی ہے
0
SHARES
0
VIEWS

غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) شمالی غزہ کی پٹی کے کمال عدوان ہسپتال سے گرفتاری کے تقریباً دو سال بعد قابض اسرائیل کی عدالت نےہسپتال کے ڈائریکٹر فلسطینی ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی حراست میں بغیر کسی فرد جرم عائد کیے یا عدالت میں پیش کیے مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی ہے اور ان کی رہائی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

فلسطینی کلب برائے اسیران نے قرار دیا کہ یہ فیصلہ ان کی گرفتاری کے بعد سے ان پر ڈھائے جانے والے تشدد اور ناروا سلوک کے سائے میں ان کی زندگی کو نشانہ بنانے کا تسلسل ہے۔

کلب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عدالت نے حسام ابو صفیہ کو غیر قانونی جنگجو کی درجہ بندی کے تحت زیر حراست برقرار رکھا ہے جبکہ قابض حکام غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والے 15 سے زائد ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ شعبہ صحت کے درجنوں کارکنوں کو بغیر کسی الزام یا مقدمہ چلائے قید رکھے ہوئے ہیں۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ ان کی قید میں توسیع فلسطینی طبی عملے کے خلاف جاری وسیع تر تعاقب کا حصہ ہے جو مریضوں اور زخمیوں کے علاج کے حق کو بھی متاثر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ قابض افواج نے 27 دسمبر سنہ 2024ء کو کمال عدوان ہسپتال پر دھاوا بولنے کے دوران حسام ابو صفیہ کو گرفتار کیا تھا۔

فلسطینی کلب برائے اسیران نے اپنے بیان میں ان مناظر کو یاد دلایا جن میں گرفتاری سے قبل محاصرے کے دوران ڈاکٹر کے ہسپتال میں ڈٹے رہنے اور مریضوں کی دیکھ بھال جاری رکھنے کی منظر کشی کی گئی تھی، اور اس بات پر زور دیا کہ ان کا مقدمہ یہ بے نقاب کرتا ہے کہ غزہ میں طبی فرائض کی انجام دہی کس طرح تعاقب اور حراست کا سبب بن چکی ہے۔

مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے گذشتہ 8 جولائی کو حسام ابو صفیہ کی فوری رہائی یا ان پر کوئی تسلیم شدہ فوجداری الزام عائد کر کے منصفانہ ٹرائل یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تھا، اور اس مطالبے کے چار ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد اب توسیع کا یہ نیا فیصلہ سامنے آیا ہے جبکہ ڈاکٹر تاحال بغیر کسی فرد جرم کے قید ہیں۔

فلسطینی کلب برائے اسیران نے یاد دلایا کہ قابض اسرائیل کی جیلوں میں تین فلسطینی ڈاکٹر عدنان البرش، زیاد ابو دلو اور ایاد الرنتیسی کے علاوہ ایمبولینس آفیسر حاتم ابو ریان جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔

کلب نے کہا کہ ان شخصیات کا انجام اور ان کے ساتھیوں کی مسلسل قید غزہ کے نظام صحت کو نشانہ بنانے کے اس پہلو کو آشکار کرتی ہے جو اسپتالوں کے محاصرے اور انہیں غیر فعال کرنے سے شروع ہو کر ان ڈاکٹروں اور طبی عملے کے تعاقب تک پھیلا ہوا ہے جنہوں نے جنگ کے دوران ان ہسپتالوں میں کام جاری رکھا۔

کلب کی جانب سے پیش کردہ قابض اسرائیل کے محکمہ جیل خانہ جات کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ اکتوبر کے آغاز تک غیر قانونی جنگجوؤں کی درجہ بندی کے تحت زیر حراست غزہ کے قیدیوں کی تعداد 1419 تک پہنچ گئی تھی، اور یہی تعداد انسانی حقوق کے ادارے التضامن فاؤنڈیشن نے بھی اس ماہ کے دوران قیدیوں کے حالات کی نگرانی کرتے ہوئے رپورٹ کی تھی۔

کلب نے کہا کہ ان قیدیوں کو منصفانہ ٹرائل کی ضمانتوں سے محروم رکھا جاتا ہے اور غزہ کے قیدیوں کی گواہیوں نے قابض اسرائیل کی جیلوں اور حراستی کیمپوں کے اندر تشدد، بھوکا رکھنے اور جنسی تشدد بشمول عصمت دری کے واقعات کو دستاویزی شکل دی ہے۔

فلسطینی ادارہ برائے امور اسیران اکتوبر سنہ 2023ء سے اب تک سو سے زائد قیدیوں اور نظر بند افراد کی شہادت کی نشاندہی کرتے ہیں جن میں سے 92 کی شناخت کا اعلان کیا جا چکا ہے، جبکہ فلسطینی کلب برائے اسیران کا کہنا ہے کہ قابض حکام غزہ کے درجنوں قیدیوں کے انجام کو تاحال صیغہ راز میں رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ اس نے اسی مدت کے دوران قابض اسرائیل کی حراست میں کم از کم 92 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے جن میں غزہ کی پٹی کے قیدی بھی شامل ہیں۔

فلسطینی کلب برائے اسیران نے حسام ابو صفیہ اور دیگر تمام گرفتار ڈاکٹروں و طبی کارکنوں کی رہائی، طبی عملے کا تعاقب روکنے اور ان پر ہونے والے مظالم کے ذمہ داران کے احتساب کے لیے فوری بین الاقوامی اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔

Tags: DetentionExtensionDrHussamAbuSafiyaIsraeliDetentionIsraeliOccupationIsraeliPrisonsMedicalWorkerspalestinePalestinianDoctorPalestinianPrisonersPrisonerRights
ShareTweetSendSend

ٹوئیٹر پر فالو کریں

Follow @roznamaquds Tweets by roznamaquds

© 2019 Roznama Quds Developed By Team Roznama Quds.

Welcome Back!

Login to your account below

Forgotten Password?

Retrieve your password

Please enter your username or email address to reset your password.

Log In
No Result
View All Result
  • Newsletter
  • صفحہ اول
  • صفحہ اول2

© 2019 Roznama Quds Developed By Team Roznama Quds.