رام اللہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) دفتر برائے اسیران انفارمیشن نے بتایا ہے کہ بدنام زمانہ اسرائیلی جیل الدامون میں قید 31 سالہ فلسطینی صحافیہ اسلام عبدالمجید عمارنہ دوسری مرتبہ خارش (اسکیبیز) کے مرض میں مبتلا ہو گئی ہیں۔
دفتر نے حال ہی میں ہونے والی ایک قانونی ملاقات کے بعد دستاویزی شواہد کے ساتھ بتایا کہ اسلام عمارنہ کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور انہیں آئندہ دسمبر میں مقررہ عدالتی پیشی سے قبل انتظامی حراست میں منتقل کیے جانے کے خدشات لاحق ہیں۔
دفتر کے مطابق گزشتہ جولائی سے خاتون اسیران میں خارش کی وبا پھیل رہی ہے اور متاثرہ خواتین کو شدید کھجلی کا سامنا ہے جس کے باعث وہ رات بھر سو نہیں پاتیں، جبکہ جیل انتظامیہ کی جانب سے ضروری علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں۔
بیان میں نشان دہی کی گئی کہ متعدد خاتون اسیران سے وکلا کی ملاقاتیں منقطع ہیں، جبکہ اسلام عمارنہ نے اس بات سے آگاہ کیے جانے کے بعد اپنے مقدمے کی قانونی پیروی تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انتظامی حراست میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، واضح رہے کہ ان کی عدالتی سماعت آئندہ 27 دسمبر کو مقرر ہے۔
بدھ کے روز الجزیرہ نیٹ پر شائع ہونے والی ایک گفتگو میں عمارنہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ حال ہی میں رہا ہونے والی خاتون اسیران نے انہیں مطلع کیا ہے کہ جیل انتظامیہ نے ان کی بیٹی کو بغیر حجاب تصویر کھنچوانے سے انکار پر قید تنہائی کی سزا دی تھی۔
اہل خانہ نے واضح کیا کہ اس وقت ان تک پہنچنے والی معلومات انتہائی محدود تھیں کیونکہ اسلام کی قید تنہائی کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے کسی وکیل کا ان سے ملاقات کرنا ناممکن ہو گیا تھا۔
ملاقات کی رپورٹ شائع ہونے سے دو روز قبل، ادارہ امور اسیران و محررین، فلسطینی پریزنرز کلب اور الضمیر فاؤنڈیشن نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ الدامون جیل میں قید خواتین نے اپنے وکلا کو بتایا ہے کہ جیل انتظامیہ سکیورٹی اقدامات کے بہانے انہیں حجاب اتارنے پر مجبور کرتی ہے اور نگرانی کے کیمروں کا دائرہ قید خانوں کے کمروں تک وسیع کر دیا گیا ہے۔
ان اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ 24 نومبر تک قابض اسرائیل کی جیلوں میں 85 فلسطینی خواتین قید ہیں، جن میں تین کم سن بچیاں اور ایک حاملہ خاتون اسیر بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ قابض افواج نے اسلام عمارنہ کو گزشتہ 3 مئی کو جنوبی بیت لحم کے الدهیشہ پناہ گزین کیمپ میں ان کے آبائی گھر پر چھاپے کے بعد گرفتار کیا تھا، وہ سنہ 2018ء سے آزاد صحافی کے طور پر کام کر رہی ہیں اور خواتین کے میڈیا نیٹ ورک نوا کے ساتھ بھی منسلک رہی ہیں۔