بیروت – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے ایک وفد نے تحریک کے شعبہ قومی تعلقات برائے بیرون ملک کے سربراہ علی برکہ کی قیادت میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کی قیادت سے ملاقات کی، جس میں فلسطینی سرزمین کی سیاسی و میدانی صورتحال، لبنان میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کے حالات اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے ملاقات کے دوران فلسطینی موقف کو متحد کرنے، ایک متحدہ قومی قیادت کی تشکیل، اور قابض اسرائیل اور اس کی پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مشترکہ قومی حکمت عملی وضع کرنے کی غرض سے فلسطینی دھڑوں اور قوتوں کے درمیان مکالمے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
حماس کے وفد میں شعبہ قومی تعلقات کے رکن زیاد حسن اور بیروت میں تحریک کے سیاسی ذمہ دار ابو خلیل قاسم شامل تھے، جبکہ پاپولر فرنٹ کی جانب سے اس کے سیاسی بیورو کے رکن مروان عبدالعال نے لبنان میں فرنٹ کے ذمہ دار ہیثم عبدہ کی موجودگی میں وفد کا استقبال کیا۔
غزہ پر جارحیت اور مغربی کنارے و بیت المقدس میں قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں کی مذمت
ایک مشترکہ بیان کے مطابق فریقین نے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی، جس کی تازہ ترین کڑی فلسطینی پولیس اور سکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانے اور غزہ میں افراتفری پھیلانے و معاشرتی استحکام کو تباہ کرنے کی قابض اسرائیل کی کوششوں کے تحت داخلی سلامتی کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر جنرل نعیم ابو نحل کی ٹارگٹ کلنگ ہے۔
دونوں جماعتوں نے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں، ان کی زمینوں اور مقدسات پر بڑھتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی بھی شدید مذمت کی، جن میں شہروں، دیہات اور پناہ گزین کیمپوں پر دھاوے، مسلسل حملے، یہودیانے کی پالیسیاں اور نوآبادیاتی بستیوں کی توسیع شامل ہیں۔