(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی ریاست کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک حماس مسلسل کامیاب میزائل تجربات کررہی ہے جو اسرائیل کی سیکیورٹی کےلئے تباہ کن ہے۔
تفصیلات کےمطابق قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے ایک عبرانی نیوز نیٹ ورک نے گذشتہ روز اپنی رپورٹ میں 15 سال سے مسلسل اسرائیلی غیر قانونی ناکہ بندی کا شکار شہر غزہ میں صیہونی ریاستی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے حوالے سے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ حماس غزہ میں مسلسل کامیاب میزائل تجربات کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
حماس کے راکٹوں کا خطرہ،اسرائیل نے ملک بھرمیں آئرن ڈوم میزائل نصب کردئیے
رپورٹ میں میزائل کی ساخت اور اس کی ٹیکنالوجی کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں تاہم اتنا بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل اسرائیل کی سیکیورٹی کے لئے بڑہ خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں، ایسی صورت میں جب لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون اسرائیل میں بھیجنےمیں کامیاب ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل حماس کے سیاسی دفتر کے رکن فتحی حماد نے ایک پیغام میں کہا تھا کہ ہماری فیکٹریوں اور ہماری ورکشاپس نے یروشلم اور تل ابیب میں نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی کو روکنے کے لیے ہزاروں راکٹوں کی تیاری دوبارہ شروع کر دی ہے جس کا مقصد صہیونی حکمرانوں کوفلسطینیوں پر جاری مظالم کا جنگ کی صورت میں بھر پور جواب دینےکا پیغام دینا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمتی تحریک بالخصوص حماس تحریک وقتاً فوقتاً میزائل تجربات کرتی رہتی ہے، گذشتہ سال جون میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کی جانب سے اعلان کیا گیاتھا کہ صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت کےبعد فلسطینی مزاحمت نے راکٹوں کی تیاری دوبارہ شروع کر دی ہے۔
صیہونی حکومت حماس کا مقابلہ کرنے سے کتراتی ہے جس کی وجہ اس تنظیم سے صیہونی حکام اور فوج کا خوف ہے، اس کا ثبوت سیف القدس میں واضح طور پر دیکھنے کو ملا جہاں صیہونیوں نے حماس کی ہر شرط مان کر جنگ بندی کی تھی۔