دوحہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے راس لفان انڈسٹریل کمپلیکس میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے متاثرین پر ریاستِ قطر کے امیر، حکومت، عوام اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
حماس نے ایک پریس ریلیز میں اس مشکل گھڑی میں قطر کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا یقین دلاتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے رحمت و مغفرت اور زخمیوں کی جلد شفایابی کی دعا کی ہے۔
تحریک کا کہنا تھا کہ وہ اللہ رب العزت کے حضور دعاگو ہیں کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے، زخمیوں کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور ریاستِ قطر اور اس کے غیور عوام کو ہر قسم کے شر اور ناگہانی آفت سے محفوظ رکھے۔
واضح رہے کہ قطر نے گذشتہ روز راس لفان انڈسٹریل سٹی میں واقع ”برزان“ گیس فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے حادثے کے حتمی اعداد و شمار کا اعلان کیا تھا۔
قطر کے وزیرِ مملکت برائے توانائی امور سعد بن شریدہ الکعبی نے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران تصدیق کی کہ اس حادثے کے نتیجے میں فیکٹری میں کام کرنے والے 13 افراد جاں بحق جبکہ 66 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔