غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) پیر کی شام وسطی غزہ کی پٹی میں واقع مغازی کیمپ میں قابض اسرائیلی افواج نے ایک اور خونی کھیل کھیلتے ہوئے 10 شہریوں کو شہید کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وسطی غزہ کی پٹی میں مغازی کیمپ کے مشرقی علاقے میں فلسطینیوں اور قابض اسرائیل کی سہولت کار ملیشیاؤں کے درمیان مسلح جھڑپیں ہوئیں، جس کے دوران قابض دشمن نے ڈرونز کے ذریعے فضائی مداخلت کرتے ہوئے علاقے کو نشانہ بنایا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے فضائی کارروائی کے ذریعے اس مسلح گروہ کا محاصرہ توڑنے کی کوشش کی جسے فلسطینیوں نے کیمپ کے مشرق میں اپنے گھروں پر ہونے والے حملے کو ناکام بناتے ہوئے گھیرے میں لے لیا تھا۔
اس سے قبل شمالی غزہ میں جسر شیخ رضوان کے قریب ایک اسرائیلی فضائی حملے میں الیکٹرک بائیک کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں محمد داؤد نامی شہری شہید ہو گیا جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوا۔
قبل ازیں مقامی ذرائع نے اطلاع دی کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مقام پر شارع 5 کے قریب قابض افواج نے عالمی ادارہ صحت کی ایک گاڑی اور ایک تجارتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مخیم البريج کے رہائشی 54 سالہ مجدی مصطفیٰ اصلان شہید اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق قابض افواج نے عالمی ادارہ صحت کی گاڑی پر گولیاں برسائیں جس سے ڈرائیور کے سر میں گولی لگی اور ایک ملازم زخمی ہوا جنہیں خان یونس کے ناصر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تجارتی گاڑی کو نشانہ بنائے جانے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایک زخمی نے بتایا کہ قابض افواج نے شارع عبارہ وصلاح الدین کے سامنے ایک نجی کمپنی کی چھوٹی تجارتی بس پر فائرنگ کی جس سے تین افراد معمولی زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ قابض افواج گذشتہ 10 اکتوبر سے غزہ کی پٹی میں سیز فائر اور جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہیں، جس کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں میں توپ خانے، فضائی بمباری، فوجی گاڑیوں اور بحری بیڑوں سے فائرنگ کے ساتھ ساتھ شہری عمارتوں اور تنصیبات کو دھماکوں سے اڑانے کا سلسلہ جاری ہے۔
ان حالیہ خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 730 شہری شہید اور 1990 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 759 شہداء کے جسدِ خاکی ملبے سے نکالے گئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سنہ 2023ء سے شروع ہونے والی اس مجموعی جارحیت اور نسل کشی میں شہداء کی کل تعداد 72309 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 172090 ہو چکی ہے۔