غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیل کی سفاکیت اور سیز فائر کے معاہدے کی پیہم خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران ایک معمر خاتون سمیت 6 شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے جنوب میں واقع حی الزیتون میں مسجد الشافعی کے قریب شہری آبادی کو نشانہ بنایا جبکہ پٹی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں بھی قیمتی جانوں کا زیاں ہوا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ الزیتون میں عسقولہ چوک کے قریب نشانہ بنائے جانے والے شہداء میں نوجوان عبداللہ عزات العصمی بھی شامل ہے جس کی شادی کی تقریب میں محض دو دن باقی تھے، اس کے علاوہ احمد عویضہ اور حسین الملح بھی جام شہادت نوش کر گئے۔
ذرائع کے مطابق شہداء اور زخمیوں کو غزہ شہر کے الاہلی المعمدانی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پیر کی شام شمالی غزہ کی پٹی کے علاقے بیت لاہیا میں قابض اسرائیل کی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر ایک معمر خاتون شہید ہو گئیں۔
مقامی مکینوں نے اطلاع دی ہے کہ وسطی غزہ کی پٹی میں واقع البریج کیمپ کے مشرق میں قابض اسرائیل کی افواج کی فائرنگ سے 10 سالہ بچہ احمد عطا اللہ احمد فاید شدید زخمی ہو گیا جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اسی طرح شام وسطی غزہ کی پٹی میں واقع البریج کیمپ میں ہی ایک فلسطینی خاتون قابض اسرائیل کے کواڈ کپٹر ڈرون کی فائرنگ سے شہید ہو گئیں۔
النصیرات میں واقع العودہ مجمع طبی نے تصدیق کی ہے کہ ایک خاتون کی میت ہسپتال لائی گئی ہے جو وسطی غزہ کی پٹی کے علاقے النصیرات میں کیمپ 5 کے مکانات پر قابض اسرائیل کے کواڈ کپٹر ڈرون کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہوئیں۔
وسطی غزہ کی پٹی میں ہی النصیرات کیمپ کے العودہ ہسپتال میں شہید ابراہیم الخالدی کی میت بھی لائی گئی جنہیں قابض اسرائیل کے ڈرون طیارے نے ابو مدین سینٹر کے قریب شہریوں کے ایک گروہ پر حملہ کر کے نشانہ بنایا تھا۔
پیر کی صبح قابض اسرائیل کی فوجی گاڑیوں نے وسطی غزہ کی پٹی میں واقع البریج مہاجر کیمپ کے مشرقی علاقوں اور غزہ شہر کے مشرقی حصوں میں شدید فائرنگ کی۔
شمالی غزہ کی پٹی کے قصبے بیت لاہیا میں صالہ الطیب کے قریب قابض اسرائیل کے کواڈ کپٹر ڈرون کی فائرنگ سے ایک نوجوان گردن میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ڈرون طیارے نے نوجوان پر براہ راست گولیاں برسائیں جس سے وہ گردن کے حصے میں شدید زخمی ہو گیا اور اسے فوری طور پر علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔
غزہ شہر کے مغرب میں واقع حی تل الہوا میں ایک فلسطینی خاتون اپنے خیمے کے اندر قابض اسرائیل کی گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ گولی خیمے کو چیرتی ہوئی خاتون کو براہ راست لگی جس سے وہ جان لیوا حد تک زخمی ہو گئیں، انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔
وسطی غزہ کی پٹی میں البریج کے مقام پر ابو عاصی داخلی راستے پر شہریوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنائے جانے سے بھی متعدد افراد زخمی ہوئے۔
اس سے قبل طبی ذرائع نے بتایا تھا کہ گذشتہ آدھی رات کو جنوبی غزہ شہر کے حی الزیتون میں مسجد الشافعی کے قریب قابض اسرائیل کی فضائی بمباری کے نتیجے میں 3 شہری شہید اور کئی زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔
مقامی ذرائع نے تصدیق کی کہ حی الزیتون میں مسجد الشافعی کے گرد و نواح میں اسرائیلی بمباری سے احمد عویضہ، حسن الملح اور عبداللہ عزات العمصي شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔
اتوار کی فجر کو خان یونس کے جنوب مغرب میں واقع مواصی کے علاقے میں کنوئیں نمبر 19 کے قریب قابض اسرائیل نے 10 منٹ کے وقفے سے دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں 8 شہری شہید ہو گئے تھے۔
علاوہ ازیں خان یونس میں ہی شاہراہ صلاح الدین پر قابض اسرائیل کی فائرنگ سے ایک بچہ شہید ہو گیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 11 اکتوبر سنہ 2025ٰءسے سیز فائر کے آغاز کے بعد سے اب تک شہداء کی تعداد تقریباً 704 ہو چکی ہے، جبکہ 1013 افراد زخمی ہوئے اور 756 لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔
اس طرح سات اکتوبر سنہ 2023ء کو جارحیت کے آغاز سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 72,580 اور زخمیوں کی تعداد 172,013 تک پہنچ گئی ہے جو قابض اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی ہولناک تصویر پیش کرتی ہے۔