خان یونس – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خانیونس کی مواصی میں آج منگل کے روز قابض اسرائیل کی افواج کی فائرنگ سے ایک بچہ شہید ہو گیا، جبکہ صیہونی ریاست کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں۔
طبی ذرائع نے بتایا کہ 13 سالہ بچہ خالد سیف الدین سلیمان عرادہ خانیونس کی مواصی میں اپنے خیمے کے اندر موجود تھا جب قابض اسرائیل کی افواج کی گولی لگنے سے وہ جامِ شہادت نوش کر گیا۔
دوسری جانب رفح شہر کی مواصی میں ابو عطایا پہاڑی پر تعینات قابض اسرائیل کی فوجی گاڑیوں کی فائرنگ سے ایک 17 سالہ لڑکی زخمی ہو گئی۔ زخمی لڑکی کو ضروری علاج کے لیے جنوبی پٹی میں واقع ریڈ کراس ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
گذشتہ 10 اکتوبر سے قابض اسرائیل کی افواج غزہ کی پٹی کے مختلف حصوں میں فضائی و توپ خانہ بمباری اور فائرنگ کے ذریعے مسلسل سیز فائر معاہدے کی دھجیاں اڑا رہی ہیں۔
قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں سے متعلق روزانہ کی شماریاتی رپورٹ کے مطابق سیز فائر کے بعد سے اب تک غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مجموعی طور پر 687 افراد شہید ہو چکے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1849 سے تجاوز کر گئی ہے۔
ان تازہ ترین اعداد و شمار کے بعد 7 اکتوبر سنہ 2023ء سے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی اور اس ہولناک جنگ کے متاثرین کی کل تعداد 72,263 سے زائد شہداء اور 171,948 سے زائد زخمیوں تک پہنچ گئی ہے۔