غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) گذشتہ رات وسطی غزہ کی پٹی میں زوایدہ گاؤں کے شمال میں شہریوں کے ایک گروہ پر قابض دشمن کی فضائی بمباری کے نتیجے میں تین شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج کے طیاروں نے زوایدہ گاؤں کے شمال میں سوارحہ قبرستان کے گردونواح میں موجود شہریوں کو نشانہ بنایا جس سے تین افراد شہید ہوئے جن میں سے احمد محمد درویش اور نادر النباہین کی شناخت ہو سکی ہے۔
منگل کو 13 سالہ بچہ خالد سیف الدین سلیمان عرادہ اس وقت شہید ہو گیا تھا جب اسے مواصی خان یونس میں قابض فوج نے گولی کا نشانہ بنایا تھا۔
دس اکتوبر سے قابض فوج فضائی و توپ خانے کی بمباری اور فائرنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی کے تمام حصوں میں جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
خلاف ورزیوں سے متعلق روزانہ کی شماریاتی رپورٹ کے مطابق سیز فائر کے بعد سے اب تک غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی کل تعداد 687 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1849 سے تجاوز کر چکی ہے۔
اس طرح سات اکتوبر سنہ 2023ء سے جاری نسل کشی کی جنگ میں مجموعی طور پر 72,263 سے زائد فلسطینی شہید اور 171,948 زخمی ہو چکے ہیں۔