کربلا (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں پانچویں عالمی فلسطین کانفرنس نداء الاقصی بعنوان کربلا سے فلسطین تک کا آغاز ہو گیا۔ کانفرنس میں دنیا بھر کے 60 ممالک سے مندوبین شریک ہیں۔ مندوبین میں سیاسی و مذہبی شخصیات سمیت اراکین پارلیمنٹ، صحافی، سوشل میڈیا کی معروف شخصیات، سماجی رہنما، انسانی حقوق کے نمائندوں سمیت وکلاء اور این جی اوز کے نمائندے شریک ہیں۔
کانفرنس کی افتتاحی تقریب کربلائے معلی میں الزہرا یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جہاں مختلف شخصیات سمیت فلسطینی شہداء کے گھر والوں نے شرکت کی۔
کانفرنس کا انعقاد امام حسین کے مقدس حرم کے متولی شیخ عبدالمہدئ کربلائی اور فلسطینیوں کے حق واپسی کی عالمی مہم گلوبل کمپین ٹو ریٹرن ٹو فلسطین کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
کانفرنس میں پاکستانی وفد ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ اور پاکستانی پیپلز پارٹی کے رہنما سید ارشد حسین شاہ کی قیادت میں شریک ہے جبکہ کانفرنس میں فلسطین، غزہ، عراق، لبنان، ، شام، یمن، اردن، مصر، لیبیا، الجزائر، مراکش، تیونس، انڈونیشیا، ملائیشیا، ایران، آسٹریلیا، انگلینڈ، اسپین، ترکیہ ، ہالینڈ، فرانس سمیت لاطینی امریکہ سے تعلق رکھنے والے مختلف ممالک کے مندوب شریک ہیں۔
کانفرنس کے اختتام پر شرکائے کانفرنس نجف سے کربلا پیدل آنے والے زائرین کے لئے موکب نداء الاقصیٰ پر موجود ہوں جہاں فلسطین کی موجودہ صورتحال سے متعلق خصوصی میوزیم بنایا گیا ہے تا کہ فلسطین کاز سے متعلق عوام تک آگہی فراہم کی جائے۔

















