بارسلونا – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسپین کے شہر بارسلونا میں قابض اسرائیل کے بائیکاٹ، سرمایہ کاری کے انخلا اور پابندیوں کے نفاذ کی تحریک ’بی ڈی ایس‘ کی یورپی علاقائی کانفرنس کی کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے جس میں دنیا بھر سے کارکنوں، ماہرین تعلیم، فنکاروں، مزدور یونین کے رہنماؤں اور فلسطینی عوام کے حقوق کے علمبرداروں کی بڑی تعداد شریک ہے، جس کا مقصد قابض اسرائیل مخالف بین الاقوامی تحریک کو تقویت دینا اور اس پر دباؤ ڈالنے کے ذرائع کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
طاقت کی منطق کے خلاف مزاحمت: فلسطین اور انسانیت کے لیے کے نعرے تلے منعقد ہونے والی یہ کانفرنس تین روز تک جاری رہے گی اور آج م 20 نومبر کو اختتام پذیر ہوگی۔ اس کا مقصد بائیکاٹ تحریک کے قیام کی بیسویں سالگرہ منانا، اس کی کامیابیوں اور بین الاقوامی اتحادوں کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لینا نیز غزہ کی پٹی پر جاری جارحیت اور نوآبادیاتی آباد کاری و نسلی امتیاز کے نظام کا مقابلہ کرنے کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔
اس تقریب کا اہتمام قابض اسرائیل کے بائیکاٹ کے لیے فلسطینی قومی کمیٹی نے کیا ہے جس میں قابض اسرائیل کے تعلیمی و ثقافتی بائیکاٹ کی فلسطینی مہم بھی شامل ہے اور اس کے انعقاد میں یورپ میں تحریک کے شراکت داروں اور حلیفوں کا تعاون حاصل ہے، یہ کمیٹی فلسطینی سول سوسائٹی کے اداروں کا سب سے بڑا اتحاد ہے جو 130 سے زائد ممالک پر پھیلے شراکت داری کے نیٹ ورک کے ذریعے عالمی سطح پر بائیکاٹ تحریک کی قیادت کر رہی ہے۔
افتتاحی اجلاس میں مسئلہ فلسطین کی حامی نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں بائیکاٹ تحریک کے بانیوں میں سے ایک عمر البرغوثی، فلسطینی نژاد برطانوی سرجن و ماہر تعلیم غسان ابو ستہ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز شامل ہیں جبکہ اس موقع پر سینکڑوں شرکا موجود تھے۔
توقع ہے کہ حکمت عملی سے متعلق اجلاسوں میں تقریباً 400 کارکن اور یکجہتی کے اداروں و تحریکوں کے نمائندے شریک ہوں گے جبکہ مختلف سرگرمیوں میں شریک افراد کی مجموعی تعداد کا اندازہ تقریباً 800 لگایا گیا ہے۔ شرکا کی فہرست میں بین الاقوامی قانون کی ماہر فلسطینی نژاد امریکی محقق نورا عریقات، جنوبی افریقہ کی سابق وزیر خارجہ نالیڈی پانڈور، میسو اٹیک بینڈ کے رکن رابرٹ ڈیل ناجا، اداکارہ ہبہ عبوک، مصنفہ و صحافی فاطمہ بھٹو اور ملائیشیا کی سابق رکن پارلیمنٹ و سماجی کارکن نور العزہ انور کے علاوہ سیاسی، ثقافتی اور مزدور تنظیموں کی شخصیات شامل ہیں۔
مباحثوں کے ایجنڈے میں قابض اسرائیل کا احتساب و بازپرس سرفہرست ہے، اس کے ساتھ ساتھ ریاستوں اور کمپنیوں پر عائد ان قانونی ذمہ داریوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے جن کے تحت انہیں قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں کی حمایت روکنی ہے، نیز بائیکاٹ، سرمایہ کاری کے انخلا اور پابندیوں کی مہمات کو فعال بنانے اور فلسطینیوں کے خلاف کیے جانے والے جرائم کے ذمہ داران کے تعاقب کے لیے عالمی عدالت انصاف اور بین الاقوامی فوجداری عدالت کے فیصلوں سے استفادہ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
اجلاسوں میں ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرنے اور فوجی اخراجات کے اثرات، قابض اسرائیل کے بائیکاٹ میں فنکاروں اور ثقافتی اداروں کے کردار نیز بین الاقوامی فیڈریشنز اور مقابلوں سے قابض اسرائیل کے کھیلوں کے اداروں کو بے دخل کرنے کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
کانفرنس کے محوروں میں قابض اسرائیل کی معاشی تنہائی کو وسعت دینے کے طریقے، کمپنیوں، پنشن فنڈز، بلدیاتی اداروں، یونینز، گرجا گھروں اور عوامی اداروں پر دباؤ ڈال کر قابض اسرائیل کے ساتھ ان کے لین دین کو رکوانا اور تعلیمی ملی بھگت کا مقابلہ کرنا بھی شامل ہے، بالخصوص وہ روابط جو قابض اسرائیل کی جامعات کو ان کی یورپی ہم منصب جامعات اور ہورائزن پروگرام سے جوڑتے ہیں، اس کے علاوہ جہاز روکو مہم اور اسلحے کی ترسیل و عسکری رسد کے سلسلوں کو معطل کرنے میں مزدور یونینز اور محنت کشوں کے کردار پر بھی بحث ہو رہی ہے۔
یورپی اتحادوں کو مضبوط بنانے کے تناظر میں یورپ میں جمہوریت کی تحریک 2025 بھی اس کانفرنس میں شریک ہے جس نے نومبر سنہ 2024ء میں بائیکاٹ تحریک کی باضابطہ حمایت کا اعلان کیا تھا اور اس بات پر زور دیا تھا کہ بائیکاٹ اب فلسطین کے ساتھ محض علامتی یکجہتی کے دائرے سے نکل کر قابض اسرائیل کے ساتھ حکومتی، تجارتی اور ادارہ جاتی ملی بھگت کا مقابلہ کرنے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
شرکا کو امید ہے کہ بارسلونا کانفرنس تجربات کے تبادلے اور بین الاقوامی کوششوں کو یکجا کرنے کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی اور فلسطین کے ساتھ یکجہتی کی عوامی تحریک کو قابض اسرائیل کا مقابلہ کرنے اور اسے عالمی سطح پر تنہا کرنے کے لیے زیادہ مؤثر سیاسی، معاشی اور ادارہ جاتی دباؤ کے آلات میں تبدیل کر دے گی۔