مقبوضہ مغربی کنارہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطین انفارمیشن سینٹر ’معطیٰ‘ نے رواں نومبر کی چھ سے 12 تاریخ کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں مزاحمتی کارروائیوں کی 80 وارداتیں ریکارڈ کی ہیں جو قابض افواج اور یہودی آباد کاروں کے ساتھ جھڑپوں، ان کے حملوں کی مزاحمت، آباد کاروں کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے اور مزاحمت کی دیگر سرگرمیوں پر مشتمل تھیں۔
مرکز کے ہفتہ وار جائزے کے مطابق ریکارڈ کی گئی تمام سرگرمیوں میں جھڑپیں سرفہرست رہیں جن کی تعداد 63 رہی جبکہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے متعدد علاقوں میں یہودی آباد کاروں کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے 13 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
دستاویزی شکل دی گئی کارروائیوں میں یہودی آباد کاروں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کی دو کارروائیاں، ایک احتجاجی مظاہرہ اور دھماکہ خیز مواد کے دھماکے کی ایک کارروائی بھی شامل ہے جس کے بعد ایک ہفتے کے دوران مزاحمتی سرگرمیوں کی مجموعی تعداد 80 تک پہنچ گئی۔
یہ اضافہ مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے شہروں، قصبوں اور پناہ گزین کیمپوں میں فلسطینیوں پر قابض افواج اور یہودی آباد کاروں کے مسلسل حملوں کے سائے میں سامنے آیا ہے جن کے ساتھ بار بار فوجی دھاوے، گرفتاریوں کی مہمات، گھروں پر چھاپے، شہریوں اور ان کی املاک پر حملوں کے علاوہ یہودی بستیوں کی توسیع اور زمینوں پر قبضے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیل کے فوجی اقدامات میں مسلسل شدت دیکھی جا رہی ہے جن میں چیک پوسٹوں پر سختی، سڑکوں کی بندش اور فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں شامل ہیں جبکہ اس کے ساتھ ہی یہودی آباد کاروں کے حملوں اور زمین پر نئے آباد کارانہ حقائق مسلط کرنے کی کوششوں میں بھی تیزی آ گئی ہے۔