(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )حماس کے اعلی سطحی وفد کی فلسطینی پناہ گزینوں کے معاملے پر لبنان کے وزیر اعظم سعد حریری سے بیروت میں ملاقات،دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر بھی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت ال راشق کی سربراہی میں حماس کے ایک وفد نے لبنانی وزیر اعظم سعد حریری سے ملاقات کی جس میں لبنانی وزیر محنت کے گزشتہ دنوں فلسطینی پناہ گرینوں کے حوالے سے کیا گیا متنازعہ فیصلے پر گفتگو کی گئی۔
حماس کے وفد نے ملاقات میں اپنا یہ موقف دہرایا کے لبنان میں رہنے والے فلسطینی اپنی ایک سیاسی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کا معاملہ دیگر غیر ملکیوں سے مختلف ہے لہذا ان کو اس نئے قانون سے استثنا دیا جائے۔
ملاقات میں موجود ذرائع کے مطابق حماس وفد نے لبنانی وزیر اعظم کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ فلسطینی لبنان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور اس کی ترقی میں مزید کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس ملاقات میں فلسطین اور لبنان کے مابین تعلقات اور دیگر امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور ملاقات کے اختتام پر سعد حریری نے حماس کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے مطالبات پر مکمل عمل در آمد کروانے کی کوشش کی جائے گی اور لبنان میں رہنے والے فلسطینیوں کے حقوق پر لبنانی حکومت کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔