غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) مصر سے علاج کا مرحلہ مکمل کرنے کے بعد گیارہ نومولود (قبل از وقت پیدا ہونے والے) بچے غزہ کی پٹی پہنچ گئے ہیں جہاں انہیں بیرون ملک طبی امداد فراہم کی جا رہی تھی۔
بارڈر اینڈ کراسنگ اتھارٹی نے پیر کے روز جاری ایک مختصر بیان میں تصدیق کی ہے کہ یہ بچے اپنا علاج مکمل کرنے کے بعد ناصر میڈیکل ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔
اس سے قبل غزہ میں وزارت صحت نے اپنے ایک بیان میں توقع ظاہر کی تھی کہ ان نرسنگ ٹیموں کی نگرانی میں جو علاج کے دوران ان بچوں کی دیکھ بھال کر رہی تھیں، کئی نومولود بچے رفح بری سرحدی گزرگاہ کے ذریعے غزہ واپس پہنچیں گے۔
وزارت صحت نے واضح کیا کہ یہ وہ بچے ہیں جنہیں قابض اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے آغاز میں الشفاء ہسپتال کے نرسری وارڈز سے نکالا گیا تھا، کیونکہ نرسری کے شعبوں کو براہ راست نشانہ بنائے جانے، ہسپتال کے جبری انخلاء اور طبی سہولیات کی شدید قلت کے باعث ان بچوں کی زندگی انتہائی خطرے میں تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بچوں کی صحت میں بہتری کے بعد ان کی واپسی ایک اہم انسانی پیش رفت ہے، وزارت نے ان تمام طبی اور انسانی کوششوں کو سراہا جنہوں نے ان معصوم بچوں کی جانیں بچانے میں کردار ادا کیا۔
وزارت صحت نے اس موقع پر زور دیا کہ غزہ کے نظام صحت کو درپیش مسلسل چیلنجز کے پیش نظر طبی شعبے کے لیے عالمی تعاون اور امداد کو مزید تقویت دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ سنہ 2023 نومبر میں الشفاء ہسپتال کے محاصرے کے بعد 28 نومولود بچوں کو علاج کی غرض سے غزہ کی پٹی سے مصر منتقل کیا گیا تھا۔