(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عبرانی اخبار کے مطابق اسرائیلی اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر امدادی کارکنوں میں فلسطینی عربوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
اسرائیل کے معروف اخبار ہاریتز اور یروشلم پوسٹ کے مطابق عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤں کے اقدامات میں فلسطینی پیرا میڈیل اسٹاف ،ڈاکٹرز اور رضاکاروں اور امدادی کارکنوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور ان کا کردار قابل تحسین ہے ۔
عبرانی اخبار کے مطابق اسرائیلی اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر امدادی کارکنوں میں فلسطینی عربوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، اسرائیلی اسپتالوں میں کورونا کے خلاف خدمات انجام دینے والوں میں 17 فی صد ڈاکٹر اور 25 فی صد پیرا میڈیکل اسٹاف فلسطینیوں پرمشتمل ہے۔ اسرائیل میں نصف ڈسپنسریاں اور حفاظتی عملے میں آدھے سے زیادہ فلسطینی ہیں جنہوں نے کورونا کے خلاف مہم میں صہیونیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
دوسری جانب فرانس کے اخبار’لی مونڈ’ نے فلسطینی عربوں کے کردار کو سراہتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر اسرائیل میں عرب باشندے نہ ہوتے تو صہیونی ریاست کا صحت کا نظام تباہ ہوجاتا۔ عرب رکن کنیسٹ احمد الطیبی کا کہنا ہے کہ ہم کئی طرح کے وائرس کا سامنا کررہے ہیں۔ کرونا وائرس، اسرائیل کی نسل پرستی کا وائرس اور فلسطینیوں کے خلاف نفرت پھیلانے کا وائرس شامل ہیں۔ ہم کرونا وائرس کو تو شکست دیں گے مگر نسل پرستی کے وائرس کو ختم کرنے میں کافی وقت لگے گا۔