(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )غزہ بارڈر پر ہونے والے ہفتہ وار حق واپسی مارچ پر ایک دفعہ پھر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے متعدد فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
غزہ سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے اس وقت فلسطینی مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کردی جب وہ ہفتہ وار حق واپسی پر امن مارچ کے تحت قابض صہیونی ریاست کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے،فائرنگ کا یہ واقعہ غزہ سرحد پر پیش آیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 55 فلسطینیوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا اور جب ان کو جائے وقوعہ سے لینے کے لیے ایمبولینس پہنچیں تو اسرائیلی فوج نے ان پر بھی آنسو گیس کے شیل برسائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل کے مہینے سے فلسطینی عوام اپنے مقبوض شدہ علاقوں کی واپسی کے لیے پر امن حق واپسی مارچ مناتے ہیں جو ہر جمعہ کو منعقد ہوتا ہے اور اسکے تحت غزہ کے سرحدی علاقوں میں پر امن ریلیاں نکالی جاتی ہیں اور قابض اسرائیلی ریاست کے خلاگ مظاہرے کیے جاتے ہیں،اس احتجاج کا سلسلہ اب پینسٹھویں ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔
