(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیل کے وزیر نے پانچویں اسلامی ملک کی جانب سے بھی صہیونی ریاست اسرائیل کو تسلیم کرنے کا عندیہ دےدیا ۔
گزشتہ روز عبرانی نشریاتی ادارے ینیٹ ٹی وی کی جانب سے غاصب صہیونی ریاست کے علاقائی تعاون کے وزیر اوفیر اکونیس کا بیا ن جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیر کا کہنا ہے کہ ایک اور مسلم ملک اسرائیل کو تسلیم کرنے والا ہے اور اس حوالے سے ہم اس سمت میں کام کر رہے ہیں ۔
قابض ریاست کے وزیر نے پانچویں اسلامی ملک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے بتایا کہ تل ابیب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت اقتدار کے آخری ایام میں پانچویں اسلامی ملک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے جبکہ مسلم افریقی ملک مراکش نے تعلقات میں بہتری لانے کے لیےایک روز قبل ہی اسرائیلی اور امریکی وفدکی میزبانی کی ہے۔
اسرائیلی وزیر اوفیر اکونیس نےملک کا نام بتانے سے انکار کرتے ہوئے اتنا کہا ہے کہ دو امیدوارملکوں میں سے ایک خلیج میں ہے جبکہ دوسرا مشرق میں ایک بڑا مسلم اکثریتی ملک ہے۔
صہیونی وزیر نےمزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے اس ملک کے نام کا اعلان کیا جائے گا جو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے معاہدے کے ایک بنیادی ڈھانچے کا خواہاں ہےاور یہ ایک امن معاہدہ ہو گا۔