(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزیرصحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونےوالے مزید فلسطینیوں کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی علاقے سے ہے ۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ابراہیم ملحم نے بتایا کہ فلسطین میں مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی علاقے میں کورونا وائرس کے مزید 15 مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 134 ہوگئی ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں بھی کورونا وائرس کے دو مزید کیسوں کی تصدیق کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے.
واضح رہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینی علاقوں میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مقبوضہ فلسطین میں تعلیمی اداروں سمیت عوامی مقامات کو ایک ماہ کے لیے بند کردیا گیا ہے۔