(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گزشتہ دنوں لبنان کے وزیر محنت کی جانب سے غیر ملکی محنت کشوں کے خلاف متنازعہ قانون کی منظوری پر لبنان بھر میں موجود فلسطینی مہاجرین کی نمائندہ جماعتوں نے اس قانون کے خلاف 26 جولائی کو احتجاج کی کال دے دی ہے۔
مختلف فلسطینی تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں موجود تمام فلسطینی مہاجرین 26 جولائی بروز جمعہ اس متعصبانہ قانون کے خلاف پناہ گزین کیمپوں میں ہڑتا ل کوکامیاب بنائیں۔
اس سے قبل لبنان میں فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں چار روز قبل بھی متنازعہ قانون کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کی گئی تھی ۔ بدھ کو فلسطینی پناہ گزین کیمپوں عین الحلوہ اور صیدا شہر میں قائم المیہ ومیہ کیمپوں میں فلسطینیوں نے ‘یوم الغضب’ منایا اور فلسطینی پناہ گزین تمام مقامات پر ہڑتال اور مظاہرے کئےتھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے لبنانی وزارت محنت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک کے مختلف اداروں میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والے غیر ملکی ملازمین کو نکال باہر کیا جائے گا۔ وزیر محنت کے اس بیان پرفلسطینی پناہ گزینوں کا شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور لبنان میں موجود فلسطینی تاجر کمیونٹی نے مختلف کیمپوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال اوراحتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔ مظاہرین نے ٹائر جلاکر سڑکیں بلاک کر دیں اور لبنانی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور اعلان کی شدید مذمت کی تھی۔