(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی فوج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک 53 سالہ فلسطینی شہید ہوگیاجس کے بارے میں اسرائیل فوج کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب تھا۔
فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے قصبے بیتونیا کے رہائشی 53 سالہ فخر محمود ابو زاید قرط نے قابض اسرائیلی فوج پر حملہ کیا جس کے جواب میں صیہونی فوج نے ان پر گولیاں کی بوچھاڑ کردی اور ان کو شہید کردیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل صیہون فوج نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اورلوٹ مارکرتے ہوئے ان کے بیٹوں کو بھی گرفتار کیا تھا ، دوسری جانب صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ فخر محمود ابو زاید قرط اسرائیلی فوج کے خلاف مزاحتمی کارروائیوں میں مطلوب تھا جس نے صیہونی فوج کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔
فخر محمود ابو زاید قرط کی شہاد پر اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہید فخر محمود ابو زاید قرط پوری فلسطینی قوم کا فخر اور ان کے سرکا تاج ہیں، انہوں نے قابض دشمن کے خلاف لڑتے ہوئےجام شہادت نوش کیا ہے۔
ابو زاید نے اپنی جان دے کر دشمن کو یہ پیغام دیا ہے کہ امریکی ۔ صہیونی ریاست کے سازشی منصوبے سنچری ڈیل کے خلاف فلسطینی قوم پوری طرح بیدار ہے۔