(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف بر سرپیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے وفد کی سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری کی قیادت میں ایرانی سپریم لیڈرا ٓیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات ،ایرانی سپریم لیڈر نے فلسطین کو مسلم امہ کا دل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران کے دورے پر پہنچے حماس کے وفد نے حماس کے نائب صدر کی سربراہی میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین میں ایران اور فلسطین کے درمیان برادرانہ تعلقات ،فلسطینی عوام پر بر پا کیے جانے والے صیہونی مظالم اور خطے میں کی جانے والی امریکی سازشوں کے سدباب کے بارے میں غور کیا گیا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حماس کو فلسطینیوں کا دل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح فلسطین پوری مسلم امہ کے دل میں دھڑکتا ہے اسی طرح حماس بھی فلسطینیوں کے دل کی دھڑکن بن چکی ہے۔
حماس کے وفد نے ایرانی سپریم لیڈر کو یقین دلایا کہ حماس ہرطرح کے حالات، چیلنجز اور دبائو کا مقابلہ کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے حقوق دبانے کی سازشوں کا مقابلہ کرے گی
۔ یاد رہے کہ حماس کا وفد گزشتہ روز تہران پہنچا جہاں انہوں نے ایرانی اسٹرٹیجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی سے بھی ملاقات کی تھی۔