(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں شدید سرد موسم اور حرارت کی عدم دستیابی کے باعث تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ اسپتال أصدقاء المريض کے طبی ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید صلاح نے تصدیق کی کہ مغربی خان یونس کے علاقے مواصی میں ایک خیمے میں رہنے والی 60 روزہ بچی شام یوسف الشمباری بھی جاں بحق ہو گئی۔
ڈاکٹر سعید صلاح نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران نو کمسن بچوں کو شدید سردی کے باعث اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا۔ ان میں سے پانچ بچے ایک ہفتے کے اندر جان کی بازی ہار گئے، جبکہ تین بچوں کی حالت بہتر ہونے پر انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ اس وقت ایک بچہ انتہائی تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔
ڈاکٹر صلاح نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسپتال کے نوزائیدہ وارڈ میں شدید سردی سے متاثرہ کئی بچوں کو داخل کیا گیا، جن میں سے تین نومولود بچے چند گھنٹوں میں انتقال کر گئے۔ ان بچوں کا وزن 1.7 سے 2 کلوگرام کے درمیان تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شدید سرد موسم اور حرارت کی کمی کے باعث بچوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے، اور مزید کئی بچے زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے فوری مدد کی اپیل کی تاکہ پناہ گزینوں کے لیے کیمپ، کاروان اور ایندھن فراہم کیا جا سکے تاکہ بچوں کو تحفظ دیا جا سکے، خاص طور پر اس نئی موسمی لہر کے دوران۔
