(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ کے بازار میں لگنے والی آگ سے زخمی ہونے والا ایک اور فلسطینی باشندہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملا، حادثے میں شہید ہونےوالوں کی تعداد بارہ ہوگئی جبکہ متعدد کی حالت بدستور تشویشناک ہے ۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں گزشتہ جمعرات کو غزہ کے وسطی علاقے النصیرات پناہ گزین کیمپ کے بازار میں لگنے والی خوف ناک آگ کے نتیجے میں جھلس کر زخمی ہونے والا 51 سالہ اسامہ وصفی البنا دم توڑ گیا جس کے بعد اس سانحے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ النصیرات مہاجر کیمپ کے بازار کی بیکری میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث لگنے والی آگ کے نتیجے میں فوری طور پر 10 فلسطینی شہید اور 58 زخمی ہوگئے تھے۔ غزہ میں اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے شہداء اور زخمیوں کے اہلخانہ کی امداد کیلئے تین لاکھ ڈالر کی فوری امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ امداد فلسطینی شہداء کے خون کا بدلہ کسی صورت نہیں ہوسکتی تاہم غمزدہ خاندانوں کی مالی معاونت میں ضرور کام آسکتی ہے ۔