(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض فوج نے گھر گھر تلاشی کے نام پر فلسطینیوں کے گھروں میں لوٹ مارکرتےہوئے دو طلباء سمیت سات فلسطینیو باشندوں کو گرفتارکرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا۔
صیہونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف اور فلسطینی باشندوں کی حراست اور گرفتاری کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے "کلب برائے اسیران ” کی رپورٹ کے مطابق قابض صیہونی فوجیوں نے گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی شہر نابلس میں عراق بورین کے مقام پر نام نہاد تلاشی کے نام پر فلسطینیوں کے گھروں میں لوٹ مار کی اور مکینوں کو تشدد کانشانہ بناتے ہوئے ایک طالب علم سمیت تین نوجوانوں کو گرفتارکرلیا جن کی شناخت عمرو جبران قادوسم اسامہ محمد قعدان اور احمد شفیق قادوس کے ناموں سے کی گئی ہے۔
دوسری جانب قابض فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے جنوبی شہر الخلیل میں دورا کے مقام پر چھاپہ مار کارروائی کےدوران 63 سالہ حماس رہ نما الشیخ رزق الرجوب کو حراست میں لے لیا۔قبل ازیں قابض فوج نے 19 سالہ محمد غسان منصور اور 19 سالہ احمد ایاد السعدی کو صباح الخیر کے مقام سے حراست میں لیا۔بیت لحم میں تلاشی کے دوران 42 سالہ رائد ابراہیم عبیات کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔