(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی خاندان کا گھر چند روز قبل مسمار کیا تھا جس کے بعد بےگھر خاندان نے ایک عارضی کیمپ میں پنا ہ لی تھی تاہم صیہونی فوج نے گزشتہ روز اس عارضی خیمے کو بھی مسمار کردیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قابض صہیونی فوجیوں نے الخلیل میں القدس سڑک کے قریب بیت عمر میں وادی الشیخ کے مقام پر علی الصبح فلسطینی محمد العلمی کے خاندان کے عارضی طور پر قائم گھر جس میں دس افراد رہائش پذیر تھے کو مسمار کرکے بے گھر کردیا یہ گھر انہوں نے اپنے مکان کی جگہ قائم کیا ہوا تھا جسے اسرائیلی بلڈوزروں نے غیر قانونی قراردیتے ہوئے مسمار کر دیا تھا، صیہونی فوج نے مکان کا ملبہ اور دیگر سامان بھی ضبط کر لیا۔