(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی فوج نے تلاشی کے نام پر فلسطینیوں کے گھروں میں لوٹ مار اور توڑپھوڑ کے دوران ایک فلسطینی کی پچاس ہزار شیکل سے زائد کی رقم بندوق کے زور پر لوٹ لی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز قابض صیہونی فوجیوں نے مغربی کنارے کے شمالی شہر سلفیت میں الزاویہ قصبے میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کے نام پر فلسطینیوں کے گھروں میں روایتی لوٹ مار اور مکینوں کو تشددکا نشانہ بنایا ۔
قابض صہیونی فوج نے فلسطینی باشندے رافت رشید موقدی، علیان رشید موقدی اور احمد حمدان مصلح کے گھروں میں تلاشی کے دوران کم سے کم پچاس ہزار شیکل (اسرائیلی کرنسی ) لوٹ لی اور رہائیشوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں سے رقم لوٹنے کے بعد صیہونی فوج بغیر کسی کو گرفتار کئے ہوئے واپس چلی گئی جس سے یہ تاثر مضبوط ہوتا ہے کہ صیہونی فوج صرف فلسطینیوں کو حراسا اور ان کی رقم اور املاک لوٹنے آتی ہے ان کے چھاپوں اور تلاشی کا سیکیورٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔