(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر غیر انسانی اقدامات جاری ، اسرائیلی فوج فلسطینیوں پر مظالم کے نت نئے طریقے تلاش کرتی رہتی ہےاور اب صیہونی حکام نے اسرائیلی جیلوں میں قیدفلسطینی قیدیوں کو دی جانے والی خوراک کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے بدنام زمانہ ‘ریمون’ جیل میں قید تمام فلسطینی اسیران کے لیے روز مرہ کی بنیاد پر دی جانے والی خوراک کی مقدار کو کم کردیا ہے، انتظامیہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ فلسطینی قیدیوں کو تین اوقات میں دی جانے والی روٹیاں کم کردی جائیں، ریمون جیل میں قید فلسطینیوںکے لیے ایک دن میں پانچ روٹیوں کےبجائے چار روٹیاںدی جائیں گی جبکہ فلسطینی قیدی جیل کے کینیٹن سے مختلف اقسام کی 40 اشیاء بھی نہیں خرید سکیں گے۔
واضح رہے کہ سنہ 2018ء کے وسط میں فلسطینی قیدیوںکی جانب سے طویل بھوک ہڑتال اور پرتکلیف جدو جہد کے بعد صیہونی زندانوں میں اپنے کھانے کے معیار اور دیگر حقوق کا حصول ممکن بنایا تھا۔