(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی ریاست کے داخلی سلامتی کے وزیر نے شہید فلسطینی کے اہلخانہ سےملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس کو ایاد الحاق کے لواحقین نے مسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق 30 مئی کو مقبوضہ بیت المقدس کے پرانے شہر عصبہ دروازے کے پاس 32 سالہ ذہنی معذور فلسطینی ایاد الحلاق کو صیہونی فوج نے مسلح قراردیتے ہوئے گولیاں مار کرشہید کردیا تھا ۔
معذور فلسطینی کی صیہونی فوج کے ہاتھوں شہادت کے بعد فلسطین سمیت دنیا بھرمیں اسرائیلی ریاست کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس کے بعد اسرائیل کے داخلی سلامتی کے وزیر امیر اوحانا نے شہید ایاد الحلاق کے لواحقین سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا جس کو شہید کے اہلخانہ نے مسترد کردیا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں شہید الحلاق کے والد کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ صہیونی حکام کے ساتھ ملاقات نہیں کریں گے اس بیان کے بعد اسرائیلی وزیر نے اپنی خفت مٹانے کیلئے اہلخانہ سے ملاقات سے انکار کردیا حالانکہ شہید کے اہل خانہ پہلے ہی اس ملاقات کو مسترد کرچکے تھے ۔