جنوبی لبنان – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج نے آج بدھ کے روز جنوبی لبنان میں گذشتہ مارچ کے آغاز سے جاری لڑائی کے دوران ہونے والے اپنے جانی نقصان کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
قابض فوج نے ایک سرکاری بیان میں اعتراف کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں جاری جھڑپوں کے دوران اب تک 18 افسران اور سپاہی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 910 زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران 190 افسران اور سپاہی زخمی ہوئے جن میں سے 114 فوجی درمیانے درجے کے زخمی ہیں جبکہ 52 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اسی تناظر میں قابض اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے ان راکٹ لانچرز کو تباہ کر دیا ہے جن کا رخ مقبوضہ فلسطین اور جنوبی لبنان میں تعینات ان کی افواج کی جانب تھا۔
قابض فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس نے حزب اللہ کے 15 ارکان کو نشانہ بنایا جن سے ان کی افواج کو خطرہ لاحق تھا جبکہ منگل کی شام جاری کردہ بیان کے مطابق قصبہ رشاف سے جنگی ساز و سامان کا گودام دریافت کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔
قابض اسرائیلی فوج لبنان پر اپنے مسلسل جارحانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں فلسطینی و لبنانی بہن بھائی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 16 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
اگرچہ 17 اپریل سنہ 2024ء سے ایک کمزور سیز فائر نافذ ہے لیکن اس کے باوجود قابض افواج جنوبی لبنان میں دراندازی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس دوران عسکری ڈھانچے اور حزب اللہ کے ارکان کو نشانہ بنانے کے بہانے درجنوں دیہاتوں میں مکانات اور عمارتوں کی منظم تباہی اور مقامی آبادی کو زبردستی بے گھر کرنے کا سلسلہ سفاکیت کے ساتھ جاری ہے۔